پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز: سری لنکن دستے کا اعلان

جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد اب سری لنکا کا بڑا اور اہم امتحان پاکستان سے ہونے والا ہے اور اس کے لیے میزبان ملک نے اپنے 15 رکنی دستے کا اعلان بھی کردیا ہے جو گرین شرٹس کے خلاف دو ٹیسٹ مقابلوں میں حصہ لے گا۔

تجربے کار لیکن آؤٹ آف فارم وکٹ کیپر بلے باز چندی مال کی جگہ گزشتہ ماہ ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے 21 سالہ نروشان ڈکولا کو وکٹ کے پیچھے ذمہ داریاں دی گئی ہیں جبکہ اسپنر اجنتھا مینڈس کو بھی دستے سے باہر رکھا گیا ہے جن کی غیر موجودگی میں تیز گیند باز نوان پردیب سری لنکن ٹیم کے لیے دستیاب ہوں گے۔ علاوہ ازیں سورنگا لکمل اور شمندا ایرنگا کو بھی دستے میں رکھا گیا ہے تاہم حتمی ٹیم میں ان کی شمولیت کا دارومدار دونوں کھلاڑیوں کی فٹنس سے مشروط ہے۔
سیریز میں سری لنکا کی قیادت اینجلو میتھیوز کریں گے جبکہ لاہیرو تھریمانے کو نائب کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔ یاد رہے کہ تھریمانے کو جنوبی افریقا کے خلاف حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے سیریز کے آخری ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔
دو ٹیسٹ مقابلوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 6 اگست سے گال میں شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 14 اگست سے مہیلا جے وردھنے کے آبائی شہر کولمبو میں کھیلا جائے گا جو آخری بار ٹیسٹ طرزِ کرکٹ میں سری لنکا کی نمائندگی کری گے۔
دونوں ٹیموں کی ٹیسٹ رینکنگ پر نظر ڈالیں تو اس وقت سری لنکا کی ٹیم جنوبی افریقا کے خلاف 1-0 سے ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد 95 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے جبکہ پاکستان کا 103 پوانٹس کے باعث درجہ تیسرا ہے۔ اگر سری لنکا کی ٹیم سیریز میں 1-0 سے کامیابی حاصل کرلے تو وہ پاکستان کو چھٹے نمبر پر پہنچا کر خود پانچواں درجہ حاصل کرلے گی جبکہ 2-0 سے سری لنکا کی جیت میزبان ٹیم کو چوتھے نمبر پر پہنچا سکتی ہے۔ سیریز میں پاکستان کی کامیابی سری لنکا کو مزید تنزلی کا شکار کرسکتی ہے۔
اعلان کردہ دستے میں شامل کھلاڑیوں کی مکمل فہرست یہ ہے:
اینجلو میتھیوز (کپتان)، لاہیرو تھریمانے (نائب کپتان)، کوشال سلوا، اوپل تھرنگا، کمار سنگاکارا، ماہیلا جے وردھنے، کتھروان وتھانے، نروشان ڈکولا (وکٹ کیپر)، رنگانا ہیراتھ، دلروان پریرا، شمندا ایرنگا (مشروط)، سورنگا لکمل (مشروط)، چناکا ولوگیدرا، دھمیکا پراساد اور نوان پردیپ