جے وردھنے نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا اعلان کردیا

موجودہ کرکٹ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کردیا۔ جنوبی افریقہ اور پاکستان کے خلاف آنے والی ہوم سیریز کے ساتھ ہی مہیلا کا ٹیسٹ کیریئر بھی مکمل ہوجائے گا۔

مہیلا جے وردھنے نے سری لنکا کرکٹ کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ اب طویل طرز کی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا وقت آچکا ہے کیونکہ وہ ون ڈے کرکٹ پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ہرگز آسان نہیں تھا لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ یہی بہتر وقت ہے۔ 18 سال تک ملک کی نمائندگی کرنے کو انہوں نے اپنے لیے قابل فخر قرار دیا۔
1997ء میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے مہیلا جے وردھنے اب تک 145 ٹیسٹ مقابلوں میں سری لنکا کی نمائندگی کر چکے ہیں اور 11 ہزار 493 رنز کے ساتھ وہ سری لنکا کی جانب سے سب سے زیادہ اور مجموعی طور پر ساتویں سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں۔ اس میں 33 سنچریاں اور 48 نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے خلاف 374 رنز کی اننگز ان کے کیریئر کی بہترین باری تھی۔
مہیلا نے حال ہی میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا جب سری لنکا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء کھیلنے کےلیے بنگلہ دیش پہنچا۔ بعد ازاں سری لنکا اعزاز جیت کر پہلی بار ٹی ٹوئنٹی کا عالمی چیمپئن بنا۔ اب وہ جنوبی افریقہ اور پاکستان کے خلاف دو، دو ٹیسٹ میچز کے بعد طویل طرز کی کرکٹ بھی چھوڑ جائیں گے۔
جے وردھنے نے اپنے طویل کیریئر کے دوران کل ملا کر چار سال سری لنکا کی قیادت بھی کی۔ ان کی زیر قیادت ٹیم ورلڈ کپ 2007ء کے فائنل تک پہنچی لیکن آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوئی جبکہ وہ 2011ء کے فائنل میں بھارت سے ہارنے والی ٹیم کا بھی حصہ تھے، جہاں مہیلا کی ناقابل سنچری بھی سری لنکا کو نہ جتوا سکی۔ اب مہیلا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی زندگی کے آخری عالمی کپ کے لیے پوری توانائیاں جمع کریں اور جو خواب گزشتہ دو عالمی کپ میں پورا نہیں ہوسکا، اس کی تعبیر اگلے سال مارچ میں حاصل کریں۔
جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا آغاز 16 جولائی بروز بدھ سے ہو رہا ہے جس میں دو مقابلے کھیلے جائیں گے جبکہ پاکستان اور سری لنکا اگلے ماہ دو ٹیسٹ میچز کھیلیں گے۔