بریٹ لی نے شین وارن کا ہاتھ توڑ دیا [ویڈیوز]

بریٹ لی اور شین وارن طویل عرصے تک ایک ساتھ کھیلتے رہے ہیں، بہت اچھے دوست بھی ہیں اور آسٹریلیا کی کئی یادگار فتوحات کے معمار بھی لیکن لارڈز کے تاریخی میدان کی 200 ویں سالگرہ پر ہونے والے میچ نے ان دونوں کو ایک دوسرے کا حریف بنا کر کھڑا کردیا۔ ایم سی سی الیون اور ریسٹ آف دی ورلڈ الیون کے درمیان کھیلے گئے مقابلے میں بریٹ لی نے شین وارن کا ویسا ہی بے رحمانہ استقبال کیا، جیساانہوں نے کچھ عرصہ قبل معروف برطانوی صحافی و ٹیلی وژن میزبان پیئرس مورگن کا کیا تھا، ایک زبردست باؤنسر اور شین وارن کا ہاتھ کام سے گیا۔
اس میچ میں بریٹ لی ایم سی سی کی جانب سے کھیل رہے تھے اور جب ریسٹ آف دی ورلڈ الیون کی اننگز کا آخری اوور ان کو دیا گیا تو ان کے سامنے ہم وطن کھلاڑی شین وارن تھے۔ بریٹ لی نے پہلی ہی گیند برق رفتاری سے پھینکی جو وارن کی جانب لپکی، جونہ گیند کے راستے سے ہٹ پائے اور نہ اسے کھیل سکے، نتیجتاً گیند براہ راست ان کے ہاتھ پر جالگی۔
شدید تکلیف کے باوجود ریسٹ آف دی ورلڈ الیون کے کپتان نے جیسے جیسے باقی گیندیں کھیلیں اور جب ڈریسنگ روم پہنچ کر ہاتھ کا حال دیکھا تو وہ بری طرح سوج چکا تھا۔ انہیں فوراً ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ایکس-رے سے ظاہر ہوا کہ ہاتھ کی ہڈی تین جگہ سے ٹوٹ چکی ہے۔ اس خبر نے ان تماشائیوں کو سخت مایوس کیا جو شین وارن اور سچن تنڈولکر کو ایک مرتبہ پھر مقابل دیکھنا چاہ رہے تھے کیونکہ اس کےبعد وارن کا میچ کھیلنا ناممکن ہوگیا تھا۔
بریٹ لی نے فوراً اپنے "بزرگ" کھلاڑی سے معافی طلب کی، اور بعد ازاں ٹویٹر پر بھی شین وارن سے اظہار افسوس بھی کیا لیکن اب پچھتائے کیا ہوت ۔۔۔۔۔۔ شین وارن اب کئی ہفتوں تک گیند تک نہیں تھام سکیں گے اور ان جیسے عظیم اسپنر کے لیے گیند کو ہاتھ نہ لگانے کی سزا کو ظلم کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔
Thanks @HomeOfCricket what a day! Sorry @ShaneWarne
— Brett Lee (@BrettLee_58) July 5, 2014
Absolute nightmare !!! Once again, thanks for your very kind & lovely messages. Very disappointing http://t.co/hKKudLiTaS
— Shane Warne (@ShaneWarne) July 5, 2014