پاکستان ٹیسٹ عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر آ گیا

سری لنکا کی انگلستان کے خلاف یادگار ٹیسٹ فتح پاکستان کے لیے بھی مسرت کا پیغام لائی ہے جو عرصہ دراز کے بعد ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔

ہیڈنگلے، لیڈز میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے و آخری ٹیسٹ میں سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلستان کو 100 رنز سے شکست دی۔ مقابلہ آخری دن کے آخری اوور تک گیا جہاں انگلستان کو مقابلہ بچانے کے لیے اپنی آخری وکٹ بچانی تھی لیکن اس اوور کی پانچویں گیند پر جیمز اینڈرسن آؤٹ ہوگئے۔ یوں سری لنکا نے نہ صرف انگلستان کے خلاف اسی کے میدانوں پر پہلی فتح حاصل کی بلکہ انگلینڈ کو عالمی درجہ بندی میں تیسری پوزیشن سے بھی محروم کردیا۔
اس یادگار جیت کے بدلے میں سری لنکا کو درجہ بندی میں ترقی ملی ہے اور وہ نیوزی لینڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چھٹے نمبر پر آ گیا ہے۔ انگلستان کی دو درجے تنزلی کی وجہ سے پاکستان اور بھارت ایک، ایک درجہ پھلانگ کر بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کرنے میں گامیاب ہوگئے تھے۔
ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی میں اس وقت آسٹریلیا 123 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ جنوبی افریقہ اعشاریہ کے معمولی فرق سے دوسرے نمبر ہے۔ پاکستان 103 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ بھارت محض ایک پوائنٹ کے فرق سے چوتھی پوزیشن پر ہے۔ انگلستان سری لنکا کے خلاف شکست کی وجہ سے 4 قیمتی پوائنٹس سے محروم ہوا اور اب 100 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
تیسری سے لے کر پانچویں پوزیشن تک بہت تیزی سے تبدیلیوں کا امکان ہے کیونکہ انگلستان، بھارت اور پاکستان نے آئندہ دنوں میں کافی کرکٹ کھیلنی ہے۔ انگلستان کچھ دنوں بعد بھارت کی میزبانی کرے گا جبکہ پاکستان اگست کے اوائل سے سری لنکا کا دورہ کرے گا، جو اس دوران جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کھیلنے جارہا ہے۔ اس مصروف سیزن کا اختتام اگلے سال ورلڈ کپ پر ہوگا۔
ٹیسٹ ٹیموں کی عالمی درجہ بندی
شمار | ملک | مقابلے | پوائنٹس | ریٹنگ | |
---|---|---|---|---|---|
1 | آسٹریلیا | ![]() |
32 | 3950 | 123 |
2 | جنوبی افریقہ | ![]() |
23 | 2831 | 123 |
3 | پاکستان | ![]() |
20 | 2064 | 103 |
4 | بھارت | ![]() |
23 | 2343 | 102 |
5 | انگلستان | ![]() |
33 | 3301 | 100 |
6 | سری لنکا | ![]() |
25 | 2398 | 96 |
7 | نیوزی لینڈ | ![]() |
26 | 2383 | 92 |
8 | ویسٹ انڈیز | ![]() |
19 | 1442 | 76 |
9 | زمبابوے | ![]() |
8 | 322 | 40 |
10 | بنگلہ دیش | ![]() |
14 | 287 | 21 |