بھارت کے خلاف مختصر سیریز، بنگلہ دیش نے اسکواڈ کا اعلان کردیا

بگ تھری معاملے پر بھارت کی حمایت کرنے پر بطور انعام ملنے والی سیریز کے لیے بنگلہ دیش نے15 رکنی دستے کا اعلان کردیا ہے۔

سے بنگلہ دیشی سرزمین پر شروع ہونے والی اس سیریز میں محض تین ون ڈے مقابلے کھیلے جائیں گے جو بالترتیب رواں ماہ کی 15، 17 اور 19 تاریخ کو میرپور، ڈھاکہ کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں ہوں گے۔
اس مختصر سیریز کے لیے اعلان کردہ 15 رکنی دستے میں دو نئے چہرے تسکین احمد اور متھن علی کی صورت میں شامل کیے گئے ہیں۔
تسکین احمد ماضی قریب میں بنگلہ دیش کی جانب سے ایک ٹی ٹوئنٹی مقابلہ کھیل چکے ہیں اور چیف سلیکٹر فاروق احمد کا کہنا ہے کہ وہ جانچنا چاہتے ہیں کہ تسکین اب 50 اوورز کے مقابلوں میں ایک انتہائی معیاری بیٹنگ لائن کے خلاف کیسی کارکردگی دکھاتے ہیں۔
دوسری جانب متھن علی کی شمولیت کے حوالے سے چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ وہ کافی عرصے سے ہماری نگاہوں میں تھے ، محدود اور طویل دونوں طرز کی کرکٹ میں اپنے عمدہ کھیل کی بدولت وہ بین الاقوامی سطح پر موقع ملنے کے حقدار تھے۔ انہوں نے کہا کہ کم و بیش دستہ انہی کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، جن کی قومی ٹیم میں جگہ مضبوط ہے لیکن عالمی کپ سے قبل اپنے تمام آپشنز کو کھولنے کے لیے ہم نے نوجوانوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
مشفق الرحیم (کپتان)، الامین حسین، انعام الحق، تسکین احمد، تمیم اقبال، سہاگ غازی، شکیب الحسن، شمس الرحمٰن، ضیاء الرحمٰن، عبد الرزاق، متھن علی، محمود اللہ، مشرفی مرتضیٰ، مومن الحق اور ناصر حسین۔