[ریکارڈز] کرس گیل 99 ناٹ آؤٹ، سوواں ٹیسٹ کھیلیں گے

محدود اوورکی کرکٹ میں اپنی جارحانہ بلے بازی کی وجہ سے معروف ویسٹ انڈیز کے کرس گیل ٹیسٹ کرکٹ میں اس سنگ میل تک پہنچنے والے ہیں، جسے تاریخ میں بہت ہی کم کھلاڑیوں نے عبور کیا ہے۔ گیل 100 ٹیسٹ مقابلے کھیلنے والے نویں ویسٹ انڈین کھلاڑی بننے والے ہیں۔

ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کے درمیان 8 جون سے کنگسٹن، جمیکا میں شروع ہونے والا مقابلہ گیل کے کیریئر کا 100 ٹیسٹ ہوگا جس کے ساتھ ہی وہ اس منفرد کلب میں شامل ہوجائیں گے۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اب تک 58 کھلاڑی 100 یا اس سے زيادہ ٹیسٹ مقابلے کھیل چکے ہیں، جن میں تازہ اضافہ گیل کا ہوگا۔
ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اس وقت سب سے زیادہ ٹیسٹ مقابلے کھیلنےکا اعزاز بھارت کے عظیم بیٹسمین سچن تنڈولکر کے پاس ہے جو 200 ٹیسٹ مقابلے کھیلنے والے تاریخ کے واحد کھلاڑی ہیں۔ ان کے بعد آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ اور اسٹیو واہ کا نام ہے جنہوں نے 168، 168 مقابلوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کی۔ سب سے زیادہ ٹیسٹ مقابلے کھیلنے والے ویسٹ انڈین کھلاڑی شیونرائن چندرپال ہیں جو اب تک 153 مقابلے کھیل چکے ہیں۔
34 سالہ گیل نے 2000ء میں زمبابوے کے خلاف پورٹ آف اسپین میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اب تک 99 مقابلوں میں 42.01 کےبہترین اوسط کے ساتھ 6933 رنز بنا چکے ہیں۔ یعنی کہ وہ 7 ہزار رنز کا ہندسہ بھی عبور کرنے کے قریب ہیں۔ اگر وہ اسی ٹیسٹ مقابلے میں 67 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئے تو وہ '7 ہزار منصب' ساتویں ویسٹ انڈیز کے ساتویں بیٹسمین ہوں گے۔
7 ہزار رنز بنانے والے ویسٹ انڈین بلے باز
بلے باز | ملک | مقابلے | رنز | اوسط | بہترین اننگز | سنچریاں | نصف سنچریاں |
---|---|---|---|---|---|---|---|
برائن لارا | ![]() |
130 | 11912 | 53.17 | 400* | 34 | 48 |
شیونرائن چندرپال | ![]() |
153 | 11219 | 51.93 | 203* | 29 | 62 |
ویوین رچرڈز | ![]() |
121 | 8540 | 50.23 | 291 | 24 | 45 |
گیری سوبرز | ![]() |
93 | 8032 | 57.78 | 365* | 26 | 30 |
گورڈن گرینج | ![]() |
108 | 7558 | 44.72 | 226 | 19 | 34 |
کلائیو لائیڈ | ![]() |
110 | 7515 | 46.67 | 242* | 19 | 39 |
ڈیسمنڈ ہینز | ![]() |
116 | 7487 | 42.29 | 184 | 18 | 39 |
ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ کھیلنے والوں کی فہرست میں شیونرائن چندرپال کے علاوہ کرکٹ تاریخ کے چند انتہائی معروف نام شامل ہیں۔ اپنے وقت کے عظیم تیز باؤلر کورٹنی واش اس فہرست میں دوسرے اور بیٹسمین برائن لارا اس فہرست میں دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ ویوین رچرڈز، گورڈن گرینج اور کلائیو لائیڈ جیسے عظیم نام بھی ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے ٹیسٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
سب سے زیادہ ٹیسٹ کھیلنے والے ویسٹ انڈین کھلاڑی
کھلاڑی | ملک | مقابلے | رنز | وکٹیں |
---|---|---|---|---|
شیونرائن چندرپال | ![]() |
153 | 11219 | 9 |
کورٹنی واش | ![]() |
132 | 936 | 519 |
برائن لارا | ![]() |
131 | 11953 | 0 |
ویوین رچرڈز | ![]() |
121 | 8540 | 32 |
ڈیسمنڈ ہینز | ![]() |
116 | 7487 | 1 |
کلائیو لائیڈ | ![]() |
110 | 7515 | 10 |
گورڈن گرینج | ![]() |
108 | 7558 | 0 |
کارل ہوپر | ![]() |
102 | 5762 | 114 |
کرس گیل | ![]() |
99 | 6933 | 72 |
گیل 99 ٹیسٹ مقابلوں کے علاوہ 255 ون ڈے اور 42 ٹی ٹوئنٹی مقابلے بھی کھیل چکے ہیں اور بلاشبہ ویسٹ انڈیز کرکٹ کے اس وقت سب سے زیادہ مشہورو معروف کھلاڑی ہیں۔