گرانٹ لیوڈن فیلڈنگ کوچ مقرر کردیے گئے

پاکستان کرکٹ بورڈ میں بے یقینی کی کیفیت کو دیکھتے ہوئے غیر ملکی امیدوار عہدے سنبھالتے ہوئے کافی تذبذب کے شکار دکھائی دیے لیکن پھر بھی کسی نہ کسی طرح انہیں مطمئن کردیا گیا ہے اور یوں گرانٹ فلاور نے بیٹنگ اور گرانٹ لیوڈن نےفیلڈنگ کوچ کے لیے معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔

زمبابوے سے تعلق رکھنے والے گرانٹ فلاور کو رواں ماہ کے وسط میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ وہ گزشتہ چار سالوں سے زمببوے کی قومی ٹیم سے وابستہ ہیں اور یکم اگست کو پاکستان میں اپنا عہدہ سنبھالیں گے ۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے گرانٹ لیوڈن ہیں، جنہیں پی سی بی نے فیلڈنگ کوچ کے ساتھ ساتھ ٹرینر کی اضافی ذمہ داری بھی سونپی ہے۔
چند روز قبل لیوڈن کے حوالے سے یہ خبریں منظرعام پر آئی تھیں کہ پی سی بی میں چیئرمین شپ کے عہدے پر جاری رسہ کشی نے انہیں خاصا پریشان کردیا ہے کیونکہ انہیں خطرہ محسوس ہوا کہ شاید نیا چیئرمین تمام تقرریوں کو کالعدم قرار دے دے۔ لیکن انہیں یقین دلایا گیا ہے جس کے بعد چیئرمین نجم سیٹھی کے مطابق دونوں نے اگلے دو سال کے لیے معاہدوں پر دستخط کردیے ہیں۔
گرانٹ لیوڈن ماضی میں بنگلہ دیش کے فٹنس کوچ بھی رہ چکے ہیں اور کیونکہ پی سی بی فیلڈنگ کوچ اور ٹرینر کی ذمہ داریاں ایک ہی فرد کو سونپنا چاہتا تھا، اس لیے لیوڈن اس کے لیے موزوں ترین امیدوار تھے۔
بحیثیت ہیڈ کوچ وقار یونس، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور اسپن کنسلٹنٹ مشتاق احمد کی تقرری کے بعد اب فیلڈنگ کوچ کی تعیناتی سے قومی تربیتی عملہ مکمل ہوتا جا رہا ہے۔