معین خان کے لیے بھاری دن، محمد الیاس بحیثیت چیف سلیکٹر بحال ہوگئے

معین خان کے لیے 6 مئی کا دن بہت بھاری ہے، ایک طرف پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کوچ کے عہدے پر وقار یونس کی تقرری کا اعلان کردیا تو دوسری جانب اسلام آباد کی عدالت عالیہ نے چیف سلیکٹر پر محمد الیاس کی بحالی کا فیصلہ سنا دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیئرمین نجم سیٹھی کے بحال کیے جانے کے بعد بورڈ کے کئی عہدیداران کو باہر کا راستہ دکھا دیا تھا جن میں سلیکٹر محمد الیاس بھی شامل تھے جنہوں نے اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج کردیا تھا۔
منگل کو اسلام آباد کی عدالت عالیہ کے جسٹس نور الحق قریشی نے محمد الیاس کے حق میں فیصلہ سنادیا اور ان کے ساتھ تین مزید ملازمین کو بھی عہدوں پر بحال کیا، جنہيں نئے سیٹ اپ کی آمد کے ساتھ اپنی ملازمت سے ہاتھ دھونا پڑے تھے۔
اب وقار یونس کی آمد کی وجہ سے معین خان کو اپنا ہیڈ کوچ کا عہدہ تو چھوڑنا ہی پڑا، بلکہ اب عدالت کے فیصلے کے بعد چیف سلیکٹر کے عہدے سے بھی ہاتھ دھونا پڑیں گے۔