للت مودی کا انتخاب، بی سی سی آئی نے راجستھان پر پابندی لگا دی

بھارتی کرکٹ بورڈ نے تاحیات پابندی کے شکار للت مودی کو کرکٹ ایسوسی ایشن کا صدر بنانے پر راجستھان کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کردیا ہے اور اب ریاستی ایسوسی ایشن کے معاملات عبوری طور پر چلائے جائیں گے۔

انڈین پریمیئر لیگ کے بانی کمشنر للت مودی آج ہی بھاری اکثریت سے راجستھان کرکٹ ایسوسی ایشن کے سربراہ منتخب ہوئے تھے۔ ایسوسی ایشن کے انتخابات گزشتہ سال دسمبر میں منعقد ہوئے تھے لیکن عدالت عظمیٰ کے فیصلے کی وجہ سے نتائج کا اعلان روک دیا گیا تھا۔ منگل کو عدالت کے مقرر کردہ مبصر نے جے پور میں ان نتائج کا اعلان کیا، جس میں توقع کے مطابق مودی فاتح قرار پائے۔ انہوں نے کل 33 میں سے 24 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے قریبی ترین حریف رامپال شرما کو صرف پانچ ووٹ ملے۔
اس فیصلے کے ساتھ بھارتی کرکٹ بورڈ حرکت میں آ گیا اور اس نے اعلان کے محض چند گھنٹوں بعد راجستھان کرکٹ ایسوسی ایشن کو بھارتی بورڈ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے غیر معینہ مدت تک کے لیے روک دیا۔ بی سی سی آئی کے سیکرٹری سنجے پٹیل کے مطابق یہ فیصلہ دستور کے مطابق کیا گیا جو صدر کو اختیار دیتا ہے کہ وہ بی سی سی آئی کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر کسی بھی ایسوسی ایشن کو معطل کردے ۔ سیکرٹری کے مطابق فیصلہ بورڈ کے عبوری صدر شیولعل یادیو نے کیا اور اب راجستھان کے معاملات چلانے کے لیے ایک عبوری نظام تشکیل دیا جائے گا۔
للت مودی خطرے کے پیش نظر گزشتہ چار سالوں سے لندن میں مقیم ہیں اور انہیں عدالت کے مبصرین کی زیر نگرانی ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے کی خصوصی اجازت دی گئی تھی۔