عنایتوں کا سلسلہ دراز، یک نہ شد، دو نہ شد، تین شد؟

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مخصوص افراد پر عنایات کا سلسلہ دراز تر ہوتا جا رہا ہے اور اب ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ فیلڈنگ کوچ کا عہدہ اعجاز احمد کو دیا جائے گا جو پہلے ہی قومی کرکٹ اکیڈمی میں کوچ اور سلیکشن کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے نئے سیٹ اپ کا حصہ ہیں۔

پاکستان کے نئے ہیڈ کوچ اور دیگر خالی آسامیوں پر تقرریوں میں اب صرف چند دن رہ گئے ہیں اور 5 مئی کی ڈیڈلائن کے بعد کسی بھی وقت ان تمام عہدوں کے لیے کامیاب امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا جائے گا۔ لیکن ذرائع کہتے ہیں کہ فیلڈنگ کوچ کا اہم عہدہ اعجاز احمد کو دینے کی تیاریاں ہو رہی ہیں جو ممکنہ نئے ہیڈ کوچ وقار یونس کے گزشتہ دور میں بھی اسی عہدے پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
یوں ایک سے زائد عہدوں پر ایک ہی فرد کی تقرری کا سلسلہ مزید آگے بڑھے گا۔ ان سے قبل معین خان کو ٹیم مینیجر اور چیئرمین سلیکشن کمیٹی اور محمد اکرم کو قومی کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ اور رکن سلیکشن کمیٹی کے عہدے دیے گئے تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کوچ اور فیلڈنگ کوچ کا عہدہ رواں سال کے اوائل میں ڈیو واٹمور اور جولین فاؤنٹین کے عہدے کی میعاد مکمل ہوجانے کے بعد سے خالی ہے۔ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے عارضی طور پر ان دونوں عہدوں پر بالترتیب معین خان اور شعیب محمد کو فائز کیا گیا تھا لیکن اب پی سی بی کے سیٹ اپ میں ان دونوں کو اہم عہدوں سے نواز کر کوچ کی ذمہ داریوں سے الگ کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ معین خان نے اعجاز احمد کو کوچنگ عملے میں شامل کرنے کے لیے وقار یونس سے مشاورت بھی کرلی ہے اور مثبت اشارہ ملنے کے بعد اعجاز احمد نے آج فیلڈنگ کوچ کے عہدے کے لیے درخواست بھی جمع کروا دی ہے۔
ہیڈ کوچ، فیلڈنگ کوچ، اسپن باؤلنگ مشیر، فزیو اور دیگر عہدوں کے لیے درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 5 مئی بروز پیر ہے۔