وقار یونس اگلے ہفتے وطن واپس پہنچیں گے

پاکستان کے سابق کپتان و کوچ وقار یونس اگلے ہفتے وطن واپس پہنچیں گے اور ممکنہ طور پر ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کا عہدہ سنبھالیں گے۔

ذرائع کے مطابق اس وقت کرکٹ بورڈ کی طاقتور ترین شخصیت معین خان وقار یونس کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور سپورٹنگ اسٹاف کے لیے ان سے مشاورت کررہے ہیں۔ وقار، جو عرصہ دراز سے آسٹریلیا میں مقیم ہیں، ہیڈ کوچ کی دوڑ سے معین کے باہر ہوتے ہی اس عہدے کے مضبوط ترین امیدوار بنے تھے۔
وقار یونس آمد کے فوراً بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی اور اہم عہدیداران سے ملاقات کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں ماہ ہیڈ کوچ اور دیگر اہم عہدوں کے لیے درخواستیں طلب کی تھیں اور اب 5 مئی کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کا انتظار ہے جس کے بعد فوراً بعد نئے ہیڈ کوچ کی تقرری کا اعلان کردیا جائے گا۔