عمر اکمل کی زندگی کی اننگز دہرے ہندسے میں داخل

بالآخر پاکستان کے نوجوان بلے باز عمر اکمل کی زندگی کی اننگز بھی واحد سے دہرے ہندسے میں داخل ہوگئی اور سنیچر کو وہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔

عمر اکمل کا نکاح پاکستان کے مایہ ناز لیگ اسپنر عبد القادر کی صاحبزادی نور آمنہ کے ساتھ لاہور میں انجام پایا جبکہ رخصتی 16 اپریل کو اور ولیمہ اگلے روز لاہور ہی میں ہوگا۔
اس "نئی اننگز" کی شروعات پر عمر اکمل بہت خوش ہیں اور اس کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر بھی کیا جہاں ان کا کہنا تھا کہ آج ان کی زندگی کا خاص دن تھا کیونکہ آج ان کا نکاح تھا۔ ایک الگ ٹوئٹ میں انہوں نے اپنی خوشیوں میں والدین کی موجودگی پر اللہ کا شکر ادا کیا اور ان کا سایہ سلامت رہنے کی دعا کی۔
ان کے بھائی اور مایہ ناز کھلاڑی کامران اکمل نے اس موقع پر کہا کہ ان کی دعا ہے کہ عمر شادی کے بعد بہترین زندگی گزاریں اور کامیابیاں سمیٹیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری پابندی کی وجہ سے عمر اکمل کے ولیمے میں ون ڈش رکھا جائے گا۔