[ریکارڈز] ٹی ٹوئنٹی کی بہترین باؤلنگ کارکردگی

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی ایسی طرز ہے جس میں محض ایک ، دو اوور کھیل کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔ جیسا کہ گزشتہ روز رنگانا ہیراتھ کے 3 اوورز نے نیوزی لینڈ کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات کا خاتمہ کیا۔ صرف 3.3 اوورز میں 3 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کرنے کا انوکھا انجام دے کر ہیراتھ ٹی ٹوئنٹی تاریخ کی بہترین باؤلنگ میں تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔

اگر رنگانا ہیراتھ مزید ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتے تو بلاشبہ ٹی ٹوئنٹی تاریخ کی بہترین باؤلنگ شمار ہوتی۔ اس وقت ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بہترین باؤلنگ کا اعزاز سری لنکا کے اجنتھا مینڈس کو حاصل ہے جنہوں نے گزشتہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی یعنی 2012ء میں زمبابوے کے خلاف صرف 8 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ مینڈس ٹی ٹوئنٹی تاریخ کے واحد باؤلر ہیں جنہوں نے کسی میچ میں 6 وکٹیں حاصل کیں اور مزیدار بات یہ کہ انہوں نے دو مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا۔ وہ اس سے قبل اگست 2011ء میں پالی کیلے کے مقام پر صرف 16 رنز دے کر آسٹریلیا کے 6 بلے بازوں کو ٹھکانے لگا چکے تھے۔
پاکستان کی جانب سے بہترین ٹی ٹوئنٹی باؤلنگ عمر گل کی ہے جنہوں نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2009ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف اہم مقابلے میں صرف 6 رنز دے کر 5 بلے بازوں کو ٹھکانے لگایا تھا۔ انہوں نے بالکل یہی کارکردگی، یعنی 6 رنز دے کر 5 وکٹیں، گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے خلاف سنچورین میں بھی دہرائی اور اس بنیاد انہیں آئی سی سی کی جانب سے 'سال 2013ء کی بہترین ٹی ٹوئنٹی کارکردگی' کا ایوارڈ بھی ملا۔
ٹی ٹوئنٹی تاریخ میں اب تک صرف 13 مرتبہ کسی باؤلر کو پانچ یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کرنے کا موقع ملا ہے جس میں مینڈس اور عمر گل واحد باؤلر ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ دو مرتبہ انجام دیا۔
ذیل میں ایک میچ میں پانچ یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کرنے کے باؤلرز کی فہرست پیش کی جارہی ہے، امید ہے معلومات میں اضافے کا باعث بنے گی:
ٹی ٹوئنٹی کی بہترین باؤلنگ کارکردگی
گیندباز | ملک | اوورز | میڈنز | رنز | وکٹیں | بمقابلہ | بمقام | بتاریخ |
---|---|---|---|---|---|---|---|---|
اجنتھا مینڈس | ![]() |
4.0 | 2 | 8 | 6 | ![]() |
ہمبنٹوٹا | 18 ستمبر 2012ء |
اجنتھا مینڈس | ![]() |
4.0 | 1 | 16 | 6 | ![]() |
پالی کیلے | 8 اگست 2011ء |
رنگانا ہیراتھ | ![]() |
3.3 | 2 | 3 | 5 | ![]() |
چٹاگانگ | 31 مارچ 2014ء |
عمر گل | ![]() |
3.0 | 0 | 6 | 5 | ![]() |
اوول، لندن | 13 جون 2009ء |
عمر گل | ![]() |
2.2 | 0 | 6 | 5 | ![]() |
سںچورین | 3 مارچ 2013ء |
الیاس سنی | ![]() |
4.0 | 1 | 13 | 5 | ![]() |
بیلفاسٹ | 18 جولائی 2012ء |
سمیع اللہ شنواری | ![]() |
4.0 | 0 | 13 | 5 | ![]() |
شارجہ | 24 نومبر 2013ء |
ٹم ساؤتھی | ![]() |
4.0 | 1 | 18 | 5 | ![]() |
آکلینڈ | 26 دسمبر 2010ء |
راین میک لارن | ![]() |
3.5 | 0 | 19 | 5 | ![]() |
نارتھ ساؤنڈ | 19 مئی 2010ء |
احسن ملک | ![]() |
4.0 | 0 | 19 | 5 | ![]() |
چٹاگانگ | 27 مارچ 2014ء |
نیمیا اوڈھیامبو | ![]() |
4.0 | 0 | 20 | 5 | ![]() |
نیروبی | 4 فروری 2010ء |
ڈیرن سیمی | ![]() |
3.5 | 0 | 26 | 5 | ![]() |
پورٹ آف اسپین | 28 فروری 2010ء |
لاستھ مالنگا | ![]() |
4.0 | 0 | 31 | 5 | ![]() |
پالی کیلے | یکم اکتوبر 2012ء |