پاکستان کی نئی سلیکشن کمیٹی، محمد یوسف بھی شامل ہوں گے: ذرائع

پاکستان کرکٹ بورڈ اگلے ماہ نئی سلیکشن کمیٹی کا قیام عمل میں لائے گا اور اس کے لیے مختلف نام زیر غور آ رہے ہیں، جن میں سابق کپتان محمد یوسف بھی شامل ہیں۔

راشد لطیف کی زیر قیادت نئی سلیکشن کمیٹی اگلے ماہ ذمہ داریاں سنبھالے گی البتہ اکتوبر میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز تک پاکستان کا کوئی مقابلہ فی الحال طے شدہ نہیں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی میں شمولیت کے لیے جن کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دی جارہی ہے ان میں سابق کپتان محمد یوسف کے علاوہ ٹیسٹ بیٹسمین وجاہت اللہ واسطی اور علی نقوی بھی شامل ہوں گے۔
محمد یوسف اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ میں کسی عہدے پر فائز نہیں رہے بلکہ ان کے کیریئر کا اختتام بھی خوشگوار انداز سے نہیں ہوا تھا۔ 2010ء میں آسٹریلیا کے مایوس کن دورے کے بعد جن کھلاڑیوں پر پابندیاں عائد کی گئیں ان میں یوسف کا نام بھی شامل تھا البتہ یہ پابندی جلد ہی اٹھا لی گئی لیکن ان کا کیریئر پھر بحال نہ ہوسکا۔ یوسف آجکل وہ ایک نجی ٹیلی وژن چینل سے وابستہ ہیں اور بالخصوص پاکستان کے مقابلوں پر اپنے تجزیے پیش کرتے ہیں۔ 39 سالہ محمد یوسف نے 90 ٹیسٹ، 288 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کررکھی ہے اور انہوں نے اپنا آخری مقابلہ نومبر 2010ء میں کھیلا تھا۔
وجاہت اللہ واسطی نے 1999ء سے 2000ء کے درمیان پاکستان کی جانب سے 6 ٹیسٹ اور 15 ایک روزہ مقابلے کھیلے جبکہ علی نقوی نے 1997ء میں اپنے مختصر ٹیسٹ کیریئر کا آغاز شاندار سنچری کے ذریعے کیا لیکن اس کے بعد اثرانگیز ثابت نہیں ہوئے اور اگلے سال 5 ٹیسٹ کھیلنے کے بعد ٹیم سے باہر کردیا گئے۔ وہ بھی اس وقت ایک ٹیلی وژن چینل سے بطور تجزیہ کار وابستہ ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ذکا اشرف کی زیر صدارت عامر سہیل کو سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین بنایا تھا لیکن حکومت کی جانب سے ذکا کو برطرف کرنے کےبعد عامر کو بھی باہر کا راستہ دکھا دیا گیا۔