دورۂ ویسٹ انڈیز؛ اعزاز چیمہ کی جگہ صدف حسین کو طلب کر لیا گیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے اعزاز چیمہ کی جگہ صدف حسین کو طلب کر لیا ہے۔
گزشتہ روز اعلان کردہ 16 رکنی دستے میں شامل اعزاز چیمہ شمولیت کے اگلے ہی روز ڈاکٹروں کی جانب سے ان فٹ قرار دے دیے گئے ہیں جس پر راولپنڈی کے 21 سالہ صدف حسین کو طلب کیا گیا ہے۔
21 سالہ تیز گیند باز صدف حسین حالیہ قائد اعظم ٹرافی میں 64 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں جن میں ان کی بہترین کارکردگی 40 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کرنا ہے۔ وہ 9 مرتبہ اننگ میں 5 یا اس سے زائد اور میچ میں 2 مرتبہ 10 یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ مجموعی طور پر وہ 18 فرسٹ کلاس میچز میں 90 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کے دورے کا آغاز رواں ماہ کی 18 تاریخ کو ایک وارم اپ میچ کے ساتھ کرے گی. جبکہ میزبان ٹیم سے اس کا پہلا سامنا 21 اپریل کو سینٹ لوشیا میں واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ہوگا۔ 5 ایک روزہ میچز کا پہلا مقابلہ 23 اپریل کو جبکہ ٹیسٹ سیریز 12 مئی سے شروع ہوگی۔