[ویڈیوز] ہاشم آملہ، کیچ دومنی، بولڈ اینڈرسن

جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلا گیا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا میچ شاید ڈیل اسٹین کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے لیکن اس مقابلے میں ایک ایسا نظارہ بھی دیکھنے کو ملا جو شاذونادر ہی کبھی دکھائی دیا ہو۔

جنوبی افریقہ کے ابتدائی تین اہم کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد ہاشم آملہ ساتھی بلے باز ژاں-پال دومنی کے ساتھ مل کر اننگز کو استحکام دے رہے تھے اور دونوں کے درمیان شراکت داری 55 رنز تک پہنچ چکی تھی کہ کوری اینڈرسن کی جانب سے پھینکے گئے اننگز کے 14 ویں اوور کی آخری گیند پر ہاشم آملہ عجیب و غریب انداز میں آؤٹ ہوگئے۔
40 گیندوں پر 41 رنز بنانے والے ہاشم آملہ نے رنز کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے کوری اینڈرسن کی گیند پر ایک زوردار شاٹ لگایا۔ گیند بلے سے لگنے کے بعد اتنی تیزی سے نکلی کہ دوسرے اینڈ پر کھڑے دومنی اس کی راہ سے پوری طرح نہ ہٹ پائے اور گیند ان کے بلے کو لگنے کے بعد فضا میں اچھل گئی۔ اس موقع پر کوری اینڈرسن نے گیند پر اپنی نگاہیں مرکوز رکھیں اور کیچ تھام کر ہاشم آملہ کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ ہاشم بہت مایوسی کے ساتھ پویلین لوٹے کیونکہ اس وقت ٹیم کو ان کی موجودگی کی بہت ضرورت تھی۔
بعد ازاں دومنی نے اس غلطی کا ازالہ 86 رنز کی شاندار اننگز کے ساتھ کیا اور جنوبی افریقہ کو 170 تک پہنچایا ۔ ویسے اسکور بک میں تو یہ کیچ و بولڈ اینڈرسن لکھا جائے گا لیکن وڈیو دیکھ کر آپ کو اندازہ ہوگا کہ یہ دراصل کیچ دومنی بولڈ اینڈرسن تھا۔ ذیل کی ویڈیو میں لطف اٹھائیے، اسی سے ملتے جلتے ایک اور واقعے کا بھی، جس میں آسٹریلیا کے اینڈریو سائمنڈز ساتھی کھلاڑی مائیکل کلارک کی سستی کا نشانہ بنے تھے۔