[ورلڈ ٹی ٹوئنٹی] پہلا خطرہ کوری اینڈرسن

شاہد آفریدی نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کے بالکل ابتدائی مرحلے میں تیز ترین ون ڈے سنچری کا ریکارڈ قائم کرکے عالمگیر شہرت سمیٹی تھی۔ ان کا یہ ریکارڈ 17 سال سے زیادہ عرصے تک قائم رہا یہاں تک کہ سال 2014ء کے پہلے ہی دن نیوزی لینڈ کے غیر معروف بلے باز کوری اینڈرسن نے صرف 36 گیندوں پر سنچری داغ کر اسے توڑ دیا اور یوں اینڈرسن بھی شہرت کی انہی بلندیوں پر پہنچ گئے، جن کا لطف کبھی شاہد آفریدی نے اٹھایا تھا۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف 21 اوورز تک محدود کیے گئے ون ڈے مقابلے میں کوری اینڈرسن نے 14 بلند و بالا چھکے بھی لگائے تھے اور یوں ثابت کیا کہ ان کے اندر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلنے کی صلاحیت بدرجہ اتم موجود ہےگو کہ اینڈرسن کو اب تک صرف 8 ٹی ٹوئنٹی مقابلے ہی کھیلنا موقع ملا ہے لیکن نیوزی لینڈ کو پوری امید ہے کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء ہی وہ پلیٹ فارم ہوگا جہاں اینڈرسن عالمی اکھاڑے میں پہلی بار اپنی اہمیت ثابت کریں گے اور اپنی دھواں دار بیٹنگ کے ذریعے نیوزی لینڈ کو ٹی ٹوئنٹی کا عالمی اعزاز جتوائیں گے۔ اور بلاشبہ کوری اینڈرسن میں دنیا کے کسی بھی باؤلنگ اٹیک کے خلاف غضب ناک بلے بازی کی خصوصیت موجود ہے۔
اس کے علاوہ کوری اینڈرسن باؤلنگ کی بھی اضافی بلکہ بہت اچھی صلاحیت رکھتے ہیں اور اب تک بین الاقوامی کیریئر میں 32 وکٹیں سمیٹ چکے ہیں۔
ویسٹ انڈیز اور بھارت کے خلاف حالیہ دو سیریز میں نیوزی لینڈ کی فتوحات میں کلیدی کردار ادا کرنے والے اس 23 سالہ نوجوان کے لیے بنگلہ دیش ہی وہ مقام ہوگا جہاں وہ اپنی اہمیت کو ثابت کرے گا۔ نیوزی لینڈ 22 مارچ کو انگلستان کے خلاف مقابلے کے ذریعے اپنی عالمی مہم کا آغاز کرے گا۔
جب تک کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء کا آغاز ہو اور آپ سب کی نظریں سرزمین بنگال پر جم جائیں، تب تک آپ کرک نامہ کے اس خصوصی سلسلے کی پہلی تحریر کے ساتھ منسلک کوری اینڈرسن کی بلے بازی کی صلاحیتوں کا حقیقی مظاہرہ دیکھیں۔ بھارت کے حالیہ دورۂ نیوزی لینڈ میں انہوں نے بھارتی باؤلرز سے کیسا سلوک کیا؟ اس وڈیو میں موجود دو بلند و بالا چھکے اس کا ہلکا سا اظہار ہیں۔ پھر دیکھیں گے کہ اینڈرسن ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں یہی کارکردگی دہرا پاتے ہیں یا نہیں؟ لیکن اس میں شبہ نہیں کہ اگر کوری اینڈرسن بنگلہ دیش میں چل پڑے تو نیوزی لینڈ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی بھی جیت سکتا ہے۔