معین خان ہیڈ کوچ، شعیب محمد فیلڈنگ کوچ، اظہر خان چیف سلیکٹر

پاکستان نے طویل غوروخوض کے بعد بالآخر سابق وکٹ کیپر کپتان معین خان کو نیا ہیڈ کوچ اور شعیب محمد کو فیلڈنگ کوچ مقرر کردیا ہے جبکہ باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے محمد اکرم کے عہدے کی مدت میں دو سال کی توسیع کردی ہے۔

معین خان آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ڈیو واٹمور کی جگہ قومی کرکٹ ٹیم کی تربیت کا ذمہ سنبھالیں گے۔ ڈیو واٹمور دو سال پاکستان کی کوچنگ کے بعد گزشتہ ماہ اپنے عہدے سے فارغ ہوئے اور اس کے بعد پاکستان نے نئے کوچ کی تلاش کے لیے سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی جس نے معین خان سمیت متعدد سابق کھلاڑیوں کے ناموں پر غور کیا اور آج بالآخر قرعہ فال سابق وکٹ کیپر کے نام نکلا۔
قومی کرکٹ کے منظرنامے پر بہت تیزی سے ہونے والی تبدیلیوں کے دوران معین خان کوچ کی حیثیت سے ابھرے ہیں۔ گزشتہ روز حکومت کی جانب سے چیئرمین ذکا اشرف کو برخاست کیے جانے کے بعد ایک مرتبہ پھر بورڈ کے سربراہ مقرر ہونے والے نجم سیٹھی نے اپنے گزشتہ عہد میں معین خان چیف سلیکٹر کا عہدہ دیا تھا لیکن عدالت کی جانب سے عبوری چیئرمین سے اہم فیصلوں کا اختیار واپس لینے کی وجہ سے معین یہ عہدہ نہ سنبھال سکے۔ البتہ بعد ازاں انہیں ٹیم مینیجر ضرور مقرر کیا گیا اور ٹیم کے ساتھ متعدد دوروں میں انہوں نے یہ ذمہ داری نبھائی۔ چند روز قبل معین خان کی جگہ ذاکر خان کو قومی کرکٹ ٹیم کا مینیجر مقرر کیا گیا تو اس سمت کچھ اشارہ مل گیا تھا کہ معین کو جلد ہی کوئی بڑی ذمہ داری ملنے والی ہے۔ اب نئے کوچ کے سامنے بہت بڑا امتحان ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی صورت میں کھڑا ہے۔ پاکستان رواں ماہ کے اواخر میں شروع ہونے والے ایشیا کپ میں اعزاز کا دفاع کرے گا جبکہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں گزشتہ ٹورنامنٹ کی سیمی فائنل شکست کے داغ دھونے کی کوشش کی جائے گی۔
قومی کوچ کا ساتھ دینے کے لیے پاکستان نے جولین فاؤنٹین کی جگہ شعیب محمد کو فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داری سونپی ہے۔ وہ آنے والے دونوں اہم ٹورنامنٹس میں یہ ذمہ داری سنبھالیں گے۔
دوسری جانب چند روز قبل چیف سلیکٹر کے عہدے پر تعینات ہونے والے عامر سہیل کو معطل کردیا گیا ہے اور ان کی جگہ اظہر خان کی زیر قیادت عبوری سلیکشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
طویل اجلاس کے بعد لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبوری چیئرمین نجم سیٹھی نے عامر سہیل کے علاوہ کراچی میں ریجنل کرکٹ اکیڈمیز کے کوچ باسط علی اور قومی جونیئر اور خواتین کی ٹیموں کے چیف سلیکٹر محمد الیاس کی تقرریوں کو بھی کالعدم قرار دیا۔