بدتمیزی کرنے پر لاہوری ٹریفک وارڈن نے عمر اکمل کی پٹائی کردی

میدان میں حریف باؤلرز کو پیٹنے والے عمر اکمل سڑک پر ٹریفک وارڈن کے ہاتھوں پٹ گئے، اور پھٹا ہوا ہونٹ لے کر تھانے پہنچ گئے جہاں الٹا انہی کے خلاف تین مقدمات درج کرلیے گئے۔

ہفتے کی صبح لاہور کی فردوس مارکیٹ کے قریب ٹریفک قانون کی خلاف ورزی کرنے پر ڈیوٹی پر تعینات وارڈن ذیشان نے عمر اکمل کی گاڑی کو روکا۔ جس پر بجائے وضاحت یا کاغذات پیش کرنے کے عمر اکمل نے وارڈن سے بدتمیزی کی اور اسے معطل کروانے کی دھمکی بھی دی۔ جسے سنتے ہی وارڈن نے کہا کہ اب تو ہر صورت میں آپ کا چالان ہوگا۔ اس بات پر عمر اکمل ہتھے سے اکھڑ گئے اور مغلظات بکنے شروع کردیں اور وارڈن کا گریبان پکڑنے کی کوشش کی۔ اس دوران مبینہ طور پر وارڈن کی وردی جبکہ وارڈن کے جوابی حملے میں عمر اکمل کا ہونٹ پھٹ گیا۔
عمر اکمل واقعے کے فوراً بعد گلبرگ تھانے پہنچے جہاں انہوں نے وارڈن کے خلاف مقدمہ درج کروانے کی کوشش کی لیکن پولیس نے کار سرکار میں مداخلت قرار دیتے ہوئے الٹا عمر اکمل ہی کے خلاف تین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور آخری اطلاعات تک وہ پولیس ہی کی حراست میں ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ عمر اکمل کو ٹریفک اشارہ توڑنے پر روکا گیا تھا ، جو اس وقت اپنی مرسڈیز میں سوار ہوکر کسی تقریب میں شرکت کے لیے جارہے تھے۔