سہیل خان، خالد لطیف اور فواد عالم پرعائد پابندی اٹھائے جانے کا امکان

پاکستان کرکٹ بورڈ کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے تین معروف کھلاڑیوں پر عائد پابندی کا خاتمہ کرنے والا ہے۔

بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز پانے والے خالد لطیف، سہیل خان اور فواد عالم کو گزشتہ سیزن میں نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر پابندیوں کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ سہیل خان ایک سال جبکہ خالد لطیف اور فواد عالم ایک، ایک ٹی ٹوئنٹی سیزن کی پابندی کے حقدار ٹھہرے تھے لیکن اس کے خلاف آج نیشل اسٹیڈیم، کراچی میں واقع کے سی سی اے کے صدر دفتر میں تینوں کی اپیل کی سماعت ہوئی اور غالب امکان ہے کہ جلد ہی ان پر عائد پابندی اٹھالی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے جنرل مینیجر ڈومیسٹک کرکٹ شفیق پاپا نے ان اپیلوں کی سماعت کی اور کھلاڑیوں کا موقف سنا۔ اس موقع پر کراچی ڈولفنز کے کوچ توصیف احمد بھی پیش ہوئے، جن سے بدتمیزی کرنے پر تینوں کھلاڑیوں کو گزشتہ سال مارچ میں پابندی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
اگر پاکستان کرکٹ بورڈ نے کے سی سی اے کی سزا کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ان تینوں کھلاڑیوں پر عائد پابندی اٹھا لی تو یہ 6 فروری کو شروع ہونے والے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں کراچی ڈولفنز کی جانب سے ایکشن میں نظر آ سکیں گے۔