[ریکارڈز] سعید اجمل سال میں 60 ون ڈے وکٹیں لینے والے باؤلرز میں شامل

پاکستان کے 'جادوگر' اسپنر سعید اجمل کی بین الاقوامی منظرنامے پر شاندار کارکردگی کا تسلسل جاری ہے اور اب وہ ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے ایک سال میں 60 یا اس سے زيادہ ون ڈے وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلرز میں شامل ہوگئے ہیں۔

ابوظہبی میں کھیلے جا رہے پاک-سری لنکا چوتھے ایک روزہ مقابلے کے دوران سعید اجمل نے 39 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور یوں 2013ء میں ان کی وکٹوں کی تعداد 60 ہو چکی ہیں۔
سعید اجمل اس وقت سال 2013ء میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر ہیں اور اب کیونکہ سال ختم ہونے میں محض 5 دن ہیں اور پاکستان اور سری لنکا کے علاوہ کسی ٹیم کا ون ڈے میچ باقی نہیں، اس لیے سعید کی نشست پکی ہے۔ انہوں نے رواں سال 31 مقابلوں میں 20.41 کے اوسط سے یہ 60 وکٹیں سمیٹی ہیں۔ مجموعی طور پر انہوں نے سال بھر میں 296.3 اوورز پھینکے، جن میں سے 15 میڈنز تھے جبکہ 4.13 رنز فی اوور کے اوسط سے 1225 رنز دیے۔ انہوں نے 2 مرتبہ میچ میں 4 جبکہ ایک مرتبہ 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 2013ء میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والوں میں ان کے بعد بھارت کے رویندر جدیجا کا نام آتا ہے جنہوں نے 52 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پاکستان کس جنید خان کا نمبر تیسرا ہے جن کو 49 وکٹیں ملیں۔
سعید اجمل نہ صرف یہ کہ وکٹوں کے لحاظ سے سب سے آگے ہیں بلکہ ان کا اوسط اور فی اوورز رنز بھی سب سے کم ہیں جبکہ انہوں نے اپنے قریبی ترین حریف رویندر جدیجا کے مقابلے میں میچز بھی کم کھیلے ہیں۔
سال 2013ء میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے گیندباز
باؤلر | ملک | میچز | وکٹیں | بہترین باؤلنگ | اوسط | فی اوورز رن اوسط |
---|---|---|---|---|---|---|
سعید اجمل | ![]() |
32 | 60 | 5/24 | 20.41 | 4.13 |
رویندر جدیجا | ![]() |
34 | 52 | 5/36 | 25.40 | 4.35 |
جنید خان | ![]() |
27 | 49 | 4/15 | 22.14 | 4.90 |
راین میک لارن | ![]() |
27 | 45 | 4/19 | 23.77 | 5.13 |
روی چندر آشون | ![]() |
29 | 40 | 3/39 | 33.82 | 5.20 |
محمد عرفان | ![]() |
24 | 38 | 4/33 | 24.28 | 4.49 |
اب اگر سال میں سب سے زیادہ وکٹیں لانے والے باؤلرز پر نظر ڈالیں تو ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں صرف 6 باؤلرز ایسے ہیں جنہوں نے ایک سال میں اتنی تعداد میں وکٹیں حاصل کی ہوں۔ ایک سال میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ پاکستان کے ثقلین مشتاق کے پاس ہے جنہوں نے 1997ء میں 69 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ اب تین مزید پاکستانیوں کو یہ اعزاز حاصل ہو گیا ہے۔ ایک وقار یونس جنہوں نے 1996ء میں 60 وکٹیں حاصل کیں اور دوسرے عبد الرزاق جنہوں نے 2000ء میں 61 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور اب سعید اجمل۔
ثقلین مشتاق ایک روزہ کرکٹ تاریخ کے واحد باؤلر ہیں جنہوں نے سال میں دو مرتبہ 60 یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کی ہیں، 1996ء اور 1997ء میں۔
سال میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر
گیندباز | ملک | سال | وکٹیں | بہترین باؤلنگ | اوسط | فی اوور رن اوسط |
---|---|---|---|---|---|---|
ثقلین مشتاق | ![]() |
1997ء | 69 | 5/38 | 18.73 | 4.11 |
ثقلین مشتاق | ![]() |
1996ء | 65 | 5/29 | 19.52 | 4.39 |
شین وارن | ![]() |
1999ء | 62 | 4/29 | 23.27 | 4.38 |
انیل کمبلے | ![]() |
1996ء | 61 | 4/12 | 20.24 | 4.06 |
شان پولاک | ![]() |
2000ء | 61 | 5/20 | 21.62 | 3.97 |
عبد الرزاق | ![]() |
2000ء | 61 | 5/48 | 22.45 | 4.35 |
سعید اجمل | ![]() |
2013ء | 60 | 5/24 | 20.41 | 4.13 |
وقار یونس | ![]() |
1996ء | 60 | 6/44 | 22.46 | 4.69 |
سعید اجمل نے 60 وکٹیں حاصل کرلی ہیں جبکہ ان کے پاس ایک اور ون ڈے میچ ابھی باقی ہے، اس میں 10 کی 10 وکٹیں حاصل کرکے نیا عالمی ریکارڈ بنانا تو مشکل ہے لیکن پھر بھی وہ دیگر باؤلرز سے آگے جا سکتے ہیں۔