[ریکارڈز] مصباح الحق 2013ء میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز

2013ء مجموعی طور پر پاکستان کے لیے ایک ملا جلا سال ہی رہا لیکن ایک شخص مستقل مزاجی سے پورے سال کارکردگی دکھاتا رہا، وہ ہے 'مرد حق' مصباح الحق۔ جنہوں نے ٹیسٹ اور محدود دونوں طرز کی کرکٹ میں ہمیشہ کڑے وقت پر پاکستان کی اننگز کو سنبھالا اور اب سال 2013ء میں سب سے زیادہ ون ڈے رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے ہیں۔

مصباح الحق نے سری لنکا کے خلاف دبئی میں جاری دوسرے ایک روزہ کے دوران 59 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور اس دوران نہ صرف کیریئر کی 34 ویں اور سال میں ریکارڈ 14 ویں ففٹی بنائی بلکہ رواں سال سب سے زیادہ رنز سمیٹنے والے بھی بن گئے۔
انہوں نے بھارت کے ویراٹ کوہلی کو پیچھے چھوڑ کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ ویراٹ نے 34 مقابلوں میں 52.83 کے اوسط سے 1268 رنز بنا رکھے ہیں لیکن مصباح کی آج کی اننگز انہیں 1282 رنز پر لے گئی۔ مصباح نے رواں سال 14 نصف سنچریوں اور 55.73 کے شاندار اوسط کی مدد سے صرف 31 مقابلوں میں یہ رنز بنائے۔
مصباح کی سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے کی پوزیشن اس لیے مضبوط ہے کیونکہ ان کے قریبی ترین حریف اس سال اپنے تمام ون ڈے میچز کھیل چکے ہیں جبکہ مصباح کے آج کے مقابلے کے بعد بھی تین ون ڈے باقی ہیں۔ جہاں ان کے پیچھے رہ جانے کا ایک ہی امکان ہے کہ وہ آنے والے تینوں ون ڈے میچز میں ناکام ہوں اور سری لنکا کے کمار سنگاکارا یا تلکارتنے دلشان بہت ہی شاندار باریاں کھیلیں۔
سال 2013ء میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں مصباح اور کوہلی کے علاوہ بھارت کے روہیت شرما اور شیکھر دھاون، جنوبی افریقہ کے ون ڈے کپتان ابراہم ڈی ولیئرز اور آسٹریلیا کے جارج بیلی کے نام بھی شامل ہیں۔
سال 2013ء میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین
بلے باز | ملک | مقابلے | رنز | بہترین اننگز | اوسط | سنچریاں | نصف سنچریاں | چوکے | چھکے |
---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|
مصباح الحق | ![]() |
31 | 1282 | 96* | 55.73 | 0 | 14 | 82 | 25 |
ویراٹ کوہلی | ![]() |
34 | 1268 | 115* | 52.83 | 4 | 7 | 137 | 20 |
روہیت شرما | ![]() |
28 | 1196 | 209 | 52.00 | 2 | 8 | 119 | 30 |
ابراہم ڈی ولیئرز | ![]() |
27 | 1163 | 128 | 50.56 | 3 | 7 | 94 | 21 |
شیکھر دھاون | ![]() |
26 | 1162 | 119 | 50.52 | 5 | 4 | 146 | 9 |
کمار سنگاکارا | ![]() |
22 | 1114 | 169 | 69.62 | 2 | 9 | 111 | 13 |
جارج بیلی | ![]() |
22 | 1098 | 156 | 64.58 | 2 | 8 | 88 | 30 |
تلکارتنے دلشان | ![]() |
22 | 1048 | 125 | 65.50 | 3 | 6 | 111 | 1 |
محمد حفیظ | ![]() |
30 | 1007 | 136* | 37.29 | 3 | 4 | 97 | 20 |