عالمی کپ 2015ء تک کپتانی برقرار رہنے کے اعلان نے دباؤ کا خاتمہ کردیا: مصباح الحق

پاکستان کے ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری انتظامی کمیٹی کی جانب سے عالمی کپ 2015ء تک کپتان برقرار رکھے جانے کے اعلان سے ان پر موجود دباؤ ختم ہوگیا ہے اور اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے، جس سے ان کی کارکردگی بھی مزید بہتر ہوگئی ہے۔

سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز میں ٹیم کی قیادت کے لیے لاہور سے متحدہ عرب امارات روانگی کے موقع پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ جنوبی افریقہ کو اس کی سرزمین پر شکست دینے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے حوصلے بلند ہیں، جو خوش آئند امر ہے البتہ ٹیم میں بہتری کی گنجائش اب بھی موجود ہے۔
مصباح نے کہا کہ شاہد آفریدی جیسے تجربہ کار کھلاڑی سے لے کر حال ہی میں شامل کیے گئے نوجوان کھلاڑی تک، سب اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں اور یہی ٹیم ورک ہمیں کامیابیاں دلوا رہا ہے۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ سری لنکا ہرگز کمزور حریف نہیں ہے اور نہ ہی متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز کا اس پر فرق پڑے گا، اس لیے ایک روزہ سیریز ہو یا ٹیسٹ مرحلہ، دونوں میں سری لنکا بہت سخت حریف ثابت ہوگا اور ان سے نمٹنے کے لیے قومی کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنا ہوگی۔
پاک-سری لنکا سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی مقابلہ آج شب کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیمیں 5 ایک روزہ اور 3 ٹیسٹ مقابلوں میں آمنے سامنے ہوں گی۔