پاک-جنوبی افریقہ تیسرا ون ڈے، اسٹین اور کیلس نہیں کھیلیں گے

جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز کے تیسرے و حتمی معرکے کے لیے دستے کا اعلان کردیا ہے جس میں تجربہ کار ژاک کیلس اور ڈیل اسٹین شامل نہیں ہیں۔

پاک-جنوبی افریقہ آخری مقابلہ ہفتہ 30 نومبرکو سنچورین میں کھیلا جائے گا جو میزبان کے لیے نہ صرف کلین سویپ کی ہزیمت سے بچنے بلکہ بھارت کے خلاف ایک اور اہم سیریز کے آغاز سے قبل تیاری کا بھی آخری موقع ہوگا۔
لیکن اندازہ ہوتا ہے کہ سیریز شکست کے بعد اب جنوبی افریقہ کی نظریں بھارت کے خلاف آنے والی سیریز پر مرکوز ہیں اور ڈیل اسٹین جیسے اہم باؤلر کو آرام کا موقع دینا اسی کو ظاہر کرتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کیپ ٹاؤن اور پورٹ ایلزبتھ میں ہونے والے ابتدائی دونوں مقابلوں میں فتوحات سمیٹ کر تاریخ میں پہلی بار جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز جیت چکا ہے۔