پیپلز چوائس ایوارڈ کون جیتے گا؟ کلارک، دھونی، کک،کوہلی یا ڈی ولیئرز

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے 2013ء کے پیپلز چوائس ایوارڈ کے لیے پانچ کھلاڑیوں کو نامزد کردیا ہے جن میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔
اس سال عوام کے پسندیدہ کھلاڑیوں کے ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے والوں میں آسٹریلیا کے مائیکل کلارک، انگلستان کے ایلسٹر کک، بھارت کے مہندر سنگھ دھونی اور ویراٹ کوہلی اور جنوبی افریقہ کے ابراہم ڈیولیئرز شامل ہیں۔
آئی سی سی نے اس ایوارڈ کے لیے آن لائن ووٹنگ کا سلسلہ شروع کیا ہے جس کے تحت www.lgiccawards.com پر اپنے پسندیدہ کھلاڑی کو ووٹ دیا جا سکتا ہے۔ علاوہ ازیں کرکٹ پرستار ٹوئٹر پر #lgiccawards کا ٹیگ بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
آج سے شروع ہونے والی عوامی ووٹنگ 23 نومبر کی شب تک جاری رہے گی جبکہ 13 دسمبر کو عوام کے پسندیدہ کھلاڑی کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔
ان پانچ کھلاڑیوں کا انتخاب آئی سی سی کی مقررہ کردہ خصوصی کمیٹی نے کیا جس میں بھارت کے انیل کمبلے، انگلستان کے ایلک اسٹیورٹ، پاکستان کے وقار یونس اور جنوبی افریقہ کے گریم پولاک بھی شامل تھے۔