نجم سیٹھی کے گرد گھیرا تنگ، توہین عدالت کا نوٹس جاری

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین اور عبوری کمیٹی کے موجودہ سربراہ نجم سیٹھی کے گرد گھیرا مزید تنگ ہوتا جا رہا ہے اور اب اسلام آباد کی عدالت عالیہ (ہائی کورٹ) نے انہیں توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔

جمعے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سںگل بینچ نے نجم سیٹھی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی جس میں موقف اختیار کیا گيا تھا کہ نجم سیٹھی عدالتی فیصلے کے باوجود بطور سربراہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں اور انہوں نے سوشل میڈيا پر اس کا برملا اعلان بھی کیا ہے۔
جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے عدالتی فیصلے پر عمل نہ کرنے کو توہین عدالت قرار دیا اور کہا کہ کسی کو عدالتی فیصلے کا مذاق اڑانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ عدالت نے نجم سیٹھی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں ان سے جواب طلب کیا ہے۔
عدالت نے پاکستان کرکٹ بورڈ میں فی الفور انتخابات کے حوالے سے اپنے گزشتہ فیصلے پر سیکرٹری پی سی بی سے استفسار کیا کہ وہ بتائیں کہ اس ضمن میں جسٹس (ر) منیر اے شیخ سے رابطہ کیا گیا ہے یا نہیں، جنہیں پی سی بی میں انتخاب کروانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔