ایک روزہ سیریز: آفریدی، اکمل اور حفیظ نے مشقیں شروع کردیں

متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے کھلاڑی ایک جانب دبئی میں دوسرے ٹیسٹ کی تیاریاں کر رہے ہیں تو وہیں ایک روزہ سیریز کے لیے چنے گئے کھلاڑیوں نے لاہور میں مشقیں شروع کردی ہیں۔

پاک-جنوبی افریقہ ایک روزہ سیریز کے لیے منتخب ہونے والے 8 کھلاڑیوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پریکٹس کا آغاز کر دیا ہے۔ ٹیسٹ دستے کے ساتھ موجود کھلاڑیوں کے علاوہ ایک روزہ مرحلے کے لیے منتخب ہونے والوں میں اوپنرز ناصر جمشید اور محمد حفیظ، مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل اور صہیب مقصود، آل راؤنڈرز شاہد آفریدی اور سہیل تنویر ، تیز باؤلر وہاب ریاض اور وکٹ کیپر سرفراز احمد پریکٹس سیشن میں شریک رہے۔
5 ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز 30 اکتوبر کو شارجہ میں پہلے ایک روزہ مقابلے سے ہوگا۔