سچن مہان نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

کرکٹ تاریخ میں سب سے زیادہ ریکارڈز بنانے والے عظیم بیٹسمین سچن تنڈولکر نے بالآخر ٹیسٹ کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے اور وہ اپنا ریکارڈ 200 واں ٹیسٹ کھیلنے کے بعد دنیائے کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔

ممکنہ طور پر سچن کا 200 واں ٹیسٹ اگلے ماہ ویسٹ انڈیز کے دورۂ بھارت کے دوران کھیلا جائے گا۔ یوں ایک اور ریکارڈ اس بلے باز کے نام ہوگا کیونکہ ان سے قبل ٹیسٹ تاریخ کا کوئی بھی کھلاڑی 200 ٹیسٹ میچز کا سنگ میل عبور نہیں کر سکا۔
سچن تنڈولکر نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں اپنے اس فیصلے سے آگاہ کیا۔ تنڈولکر کا کہنا تھا کہ "24 سال بھارت کی نمائندگی کرنے کے بعد اب میرے لیے یہ تصور کرنا بھی مشکل ہے کہ میں کرکٹ کے بغیر کیسے زندگی گزاروں گا۔ اپنے ملک کی نمائندگی اور دنیا بھر میں کھیلنا میرے لیے بہت بڑے اعزاز کی بات تھیں اور اب میری نظریں اپنی ہی سرزمین پر 200 واں ٹیسٹ مقابلہ کھیلنے پر مرکوز ہیں اور یہی میرا آخری مقابلہ ہوگا۔ "
1989ء میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے سچن نے اتنے سالوں تک تعاون کرنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ اور دعاؤں اور نیک خواہشات میں یاد رکھنے پر اپنے پرستاروں کا شکریہ ادا کیا۔
40 سالہ سچن تنڈولکر نے نومبر 1989ء میں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کراچی سے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا اور پھر 90ء کی دہائی کے اوائل ہی میں بھارتی ٹیم کا جزو لاینفک بن گئے۔
سچن درجنوں ریکارڈز کے حامل ہیں، اس وقت بھی ان کے پاس سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز، سب سے زیادہ ون ڈے رنز، سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریاں، سب سے زیادہ ون ڈے سنچریاں، سب سے زیادہ ٹیسٹ نصف سنچریاں، سب سے زیادہ ون ڈے نصف سنچریاں، سب سے زیادہ ٹیسٹ چوکے، سب سے زیادہ ون ڈے چوکے، ون ڈے کی پہلی ڈبل سنچری، سب سے زیادہ مین آف دی میچ ایوارڈز، ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں سب سے زیادہ رنز، کسی واحد ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز، سب سے زیادہ ٹیسٹ اور سب سے زیادہ ون ڈے میچز، ون ڈے میں سب سے طویل شراکت داری جیسے ریکارڈز ہیں۔ اب تک کھیلے گئے 198 ٹیسٹ مقابلوں میں سچن تنڈولکر نے 15 ہزار 837 رنز بنائے ہیں اور وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں ممکنہ طور پر 16 ہزار ٹیسٹ رنز کا ہندسہ عبور کر سکتے ہیں۔
اب سچن کو الوداع کہنے کے لیے بھارت کے شائقین کرکٹ مکمل طور پر تیار رہیں گے اور ان کے آخری ٹیسٹ میں شاید میدان میں تل دھرنے کی بھی جگہ نہیں ہو۔