فیصل آباد کا دستہ اک نئی مصیبت میں

کئی دن گومگو کی کیفیت میں گزارنے کے بعد بالآخر فیصل آباد کا دستہ بھارت تو پہنچ گیا، لیکن قدم دھرتے ہی انہیں ایک نئے مسئلے نے گھیر لیا ہے۔ نئی دہلی اترنے کے بعد جب ٹیم چندی گڑھ پہنچی تو وہاں انہیں قیام کی اجازت نہیں دی گئی اور کھلاڑیوں کو موہالی کلب ہاؤس میں قیام کرنا پڑا۔

بھارت سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستانی ٹیم دہلی سے جڑواں شہر چندی گڑھ اور موہالی پہنچی۔ ٹیم کو اپنے مقابلے تو موہالی کے پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلنے ہیں لیکن شہر کے تمام بڑے ہوٹل چندی گڑھ میں واقع ہیں۔ فیصل آباد وولفز کو جو ویزے تاخیر سے جاری کیے گئے تھے اس میں چندی گڑھ شامل نہیں تھا جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کو بجائے ہوٹل کے کلب ہاؤس، موہالی میں قیام کرنا پڑا۔
اس گڑبڑ کی وجہ سے پاکستانی ٹیم آج تربیتی سیشن میں حصہ بھی نہيں لے سکی تاہم پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کو امید ہے کہ کل تک اس معاملے کو حل کرلیا جائے گا اور کھلاڑی چندی گڑھ میں قیام کرسکیں گے۔
پاکستان میں قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کی فاتح فیصل آباد کی ٹیم کوالیفائنگ مرحلے میں نیوزی لینڈ کی اوٹاگو وولٹس، سری لنکا کی کندوراتا مرونز اور بھارت کی حیدرآباد سن رائزرز کا مقابلہ کرے گی۔
فیصل آباد وولفز ٹیم کے بیشتر اراکین بھارت پہنچ چکے ہیں جبکہ کپتان مصباح الحق، سعید اجمل اور احسان عادل کل زمبابوے سے براہ راست بھارت پہنچیں گے۔