[ریکارڈز] یونس خان، بیرون ملک سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بن گئے

زمبابوے نے جاری ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو تو مشکلات سے دوچار کیے رکھا ہے لیکن پہلے ٹیسٹ کے ہیرو یونس خان کے لیے یہ دورہ ہر لحاظ سے سودمند ثابت ہو رہا ہے ۔ اس دورے کے دوران وہ سب سے زیادہ کیچ پکڑنے والے پاکستانیوں میں سرفہرست تین میں شامل ہوئے اور 7 ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کرنے والے بھی بنے۔ اس کے علاوہ چار ڈبل سنچریاں بنانے والے اور سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے سرفہرست پاکستانیوں میں بھی یونس کا شمار اسی دورے کے دوران ہوا۔

اب یونس خان نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا ہے اور اس مرتبہ ان کا نام پاکستان سے باہر سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے پاکستانی کی حیثیت سے سامنے آیا ہے۔
یونس خان نے لک سے باہر کھیلے گئے مقابلوں میں 5 ہزار 130 رنز بنا کر انضمام الحق کا 5 ہزار 121 رںز کا ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے بیرون ملک کھیلے گئے ٹیسٹ مقابلوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دیگر بلے بازوں میں محمد یوسف 4 ہزار 463، جاوید میانداد 4 ہزار 351، سلیم ملک 2 ہزار 808، ظہیر عباس 2 ہزار 618 اور مصباح الحق 2 ہزار 415 رنز شامل ہیں۔
ہرارے ہی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں ڈبل سنچری کے ذریعے پاکستان کی فتح میں کلیدی کردار ادا کرنے کے بعد ایسا لگتا ہے کہ اسی میدان پر جاری دوسرے ٹیسٹ کی آخری اننگز میں بھی یونس خان کو اپنے تجربے اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کی فتح کی راہ ہموار کرنا ہوگی۔