وسیم اور شنیرا کے ولیمے کا اعلان جلد متوقع

وسیم اکرم نے دس دن بعد اپنے نکاح کے بارے میں تو قوم کو آگاہ کر ہی دیا ہے اور اب سابق کپتان اپنی نئی نویلی دلہن کے ساتھ ولیمے کے بارے میں جلد ہی کراچی میں اعلان کریں گے۔

وسیم اکرم کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں نومبر میں کراچی میں ولیمے کی تقریب دھوم دھام سے منعقد کرنا چاہتے ہیں۔ اور نیوز کانفرنس اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس میں ولیمے سے متعلق تفصیلات دی جائیں گی جبکہ یہ بھی بتایا جائے گا کہ اس ولیمے میں کون کون سی شخصیات کو مدعو کیا جارہا ہے۔
ذرائع کہتے ہیں سابق کپتان کے ولیمے میں ملکی کرکٹرز کے ساتھ ساتھ غیر ملکی کرکٹرز کی بہت بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ وسیم اکرم نے لاہور میں سادگی سے نکاح اپنے والد کی خراب طبیعت کے باعث کیا اور یہ نکاح جلد بازی میں ہوا تھا۔
واضح رہے وسیم اکرم نے 12 اگست کو لاہور میں شنیرا کے ساتھ ایک نہایت ہی سادہ سی تقریب میں نکاح کیا جس میں ان کے چند قریبی دوستوں کے علاوہ ان کے اہل خانہ ہی شامل تھے۔
ذرائع یہ بھی دعوی کرتے ہیں کہ شنیرا تھامسن، جنہیں سعید انور نے مسلمان کیا تھا، سابق اوپنر کی جانب سے تحفے میں دی جانے والی مذہبی کتابوں کا مطالعہ بھی کررہی ہیں جبکہ میاں کو قابو میں رکھنے کے لیے مشرقی کھانوں پر بھی عبور حاصل کرنے کے لیے زیادہ وقت کچن میں گزارتی ہیں۔