انڈر 23 ٹیم میں بیشتر کھلاڑی زائد العمر ہیں: عبد الرؤف کا دعویٰ

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سنگاپور میں ہونے والے انڈر 23 ایشیا کپ کے لیے ٹیم کا اعلان تو کر دیا لیکن اس کے ساتھ ہی ایک ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔ ٹیسٹ کرکٹر عبد الرؤف نے ایک سماجی ویب سائٹ پر بھانڈا پھوڑتے ہوئے کہا ہے کہ اعلان کردہ ٹیم میں محض 3 یا 4 کھلاڑی ہی ایسے ہیں جو حقیقتاً 23 سال سے کم عمر ہیں۔ یعنی گھر کا بھیدی ہی لنکا ڈھا رہا ہے۔

بہرحال حماد اعظم کی زیر قیادت قومی انڈر 23 دستہ رواں ماہ سنگاپور میں اہم ٹورنامنٹ کھیلے گا لیکن ایک تو ٹیم کے اعلان میں انتہائی تاخیر اور اب یہ تازہ الزامات معاملے کو متنازع بنا چکے ہیں۔ عبد الرؤف کا کہنا ہے کہ قائم مقام چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کرکٹ سے صحیح طور پر واقف نہیں اس لیے انہیں اندازہ ہی نہیں ہو رہا۔
انڈر 23 ٹیم کے انتخاب کو "ڈمی سلیکشن" قراردیتےہوئے عبد الرؤف نے کہا کہ ٹیم میں لڑکے شامل ہیں جو گزشتہ 6 سے 7 سیزن سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ کھلاڑی23 سال سے زائد العمر ہیں۔
اگر ٹیسٹ کرکٹر عبدالرؤف کی بات کو سچ مان لیا جائے تو یہ یقیناً پاکستان کے لیے لمحہ فکریہ ہے کیونکہ ہم زائد العمر کھلاڑی کھلاکر انڈر 23 ایشیا کپ تو جیت سکتے ہیں لیکن مستقبل میں کیا ہمارے پاس یہ کھلاڑی بیک اپ کے طور پر موجود ہوں گے؟ یا جب ان کی باری آئے گی تو یہ خود عمر کے اس حصے میں ہوں گے جہاں ان کے متبادل کھلاڑیوں کے بارے میں ہمیں سوچنا ہوگا؟