وسیم اکرم آسٹریلوی خاتون سے شادی کریں گے

پاکستان کے کرکٹ کھلاڑیوں کی غیر ملکی خواتین سے شادیاں کوئی نئی بات نہیں۔ محسن حسن خان سے لے کر شعیب ملک تک ایک طویل فہرست ہے، جس میں تازہ اضافہ لیجنڈری تیز باؤلر وسیم اکرم کا ہے، جنہوں نے آسٹریلیا کی ایک غیر معروف خاتون سے شادی کا فیصلہ کیا ہے۔

آسٹریلیا کے اخبار ہیرالڈ سن کے مطابق ملبورن سے تعلق رکھنے والی 30 سالہ شنیرا تھامپسن جلد ہی وسیم اکرم کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔ اخبار کے مطابق شنیرا تھامپسن سابق پبلک ریلیشنز کنسلٹنٹ ہیں اور اسلام قبول کرنے کے بعد وہ پاکستان منتقل ہو جائیں گی۔
وسیم اکرم کی شنیرا سے پہلی ملاقات ملبورن میں 2011ء میں ہوئی تھی، اور وسیم نے انہیں بذات خود شادی کی پیشکش کی تھی۔
47 سالہ وسیم اکرم نے پہلی شادی 1995ء میں ہما وسیم سے کی تھی، جن سے وسیم اکرم کے دو صاحبزادے تیمور اور اکبر بھی ہیں۔ ہما اور وسیم کا 15 سالہ ساتھ اکتوبر 2009ء میں چنئی کے ہسپتال میں اس وقت اپنے اختتام کو پہنچا، جب ہما انتقال کر گئیں۔