پاک-آئرلینڈ سیریز کے لیے آئرش ٹیم کا اعلان

پاکستان کی ٹیم اس وقت دو ون ڈے میچز کھیلنے کے لیے اسکاٹ لینڈ میں موجود ہے اور اس کے بعد انگلستان روانگی سے قبل مختصر دورانیے کے لیے آئرلینڈ میں قیام کرے گی، جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف دو ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے کھیلے گی، جن کے لیے آئرلینڈ نے اپنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔

نو آموز ٹیموں کے لیے پاکستان ہمیشہ ہی فراخدل رہا ہے اور دو سال قبل دورۂ ویسٹ انڈیز سے وطن واپس آتے ہوئے بھی دو ایک روزہ مقابلوں کے لیے آئرلینڈ میں قیام کیا تھا۔ اب سال کے اہم ترین ٹورنامنٹ چیمپئنز ٹرافی سے قبل بھی پاکستان اگلے ہفتے آئرش سرزمین پر ایکشن میں نظر آئے گا۔
آئرلینڈ کے کوچ، اور ماضی کے ویسٹ انڈین کھلاڑی، فل سیمنز نے پاکستان کے خلاف مختصر سیریز کے لیے انہی کھلاڑیوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جنہوں نے دو ماہ قبل متحدہ عرب امارات کے خلاف عالمی کپ کے دونوں کوالیفائرز جیتے تھے۔
پاک-آئرلینڈ مقابلے رواں ماہ کی 23 اور 26 تاریخ کو کلونٹارف، ڈبلن میں ہوں گے اور کوچ سیمنز پراعتماد ہیں کہ آئرش کھلاڑی ان مقابلوں میں کچھ کر دکھائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ مانوس کنڈیشنز میں ہمارے امکانات ویسے ہی زیادہ ہوں گے اور ہم کوشش کریں گے کہ پاکستان کو ابتداء ہی سے دباؤ میں لے لیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ چند سالوں میں ہماری کارکردگی بہت اچھی رہی ہے، خصوصا ً انگلستان اور آسٹریلیا کے خلاف ، جہاں ہم وہ مقابلے ہارے جو ہمیں جیتنے چاہیے تھے۔ کلونٹارف میں پرستاروں کی موجودگی اور مانوس کنڈیشنز میں ہم زیادہ پرامید ہیں۔
سیمنز نے کہا کہ بلاشبہ پاکستان ایک بہت مضبوط ٹیم ہے اور اس کا مقابلہ کرنا ایک بڑا چیلنج ہے، لیکن ہم یہی چاہتے ہیں کہ کوئی چیلنج ہمیں درپیش ہو تاکہ ہم اپنی کارکردگی کو بڑھا سکیں۔
آل راؤنڈر جان مونی ایک میچ کی پابندی کی وجہ سے پہلا ایک روزہ نہیں کھیل پائیں گے۔ انہیں سابق برطانوی وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر کے انتقال پر ایک 'توہین آمیز' ٹویٹ کرنے کے باعث یہ پابندی بھگتنا پڑ رہی ہے۔
اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
ولیم پورٹرفیلڈ (کپتان)، ایڈ جوائس، ایلکس کوسیک، اینڈریو وائٹ، پال اسٹرلنگ، ٹرینٹ جانسٹن، ٹم مورٹاگ، جارج ڈوکریل، جان مونی، جیمز شینن، کیون اوبرائن، گیری ولسن، میکس سورنسن اور نیال اوبرائن۔