[ریکارڈز] پہلے ون ڈے میں سنچری

آسٹریلیا کے فلپ ہیوز نے اپنے کیریئر کے پہلے ہی ایک روزہ مقابلے میں سنچری اسکور کر کے تاریخ میں اپنا نام امر کر لیا۔ وہ آسٹریلیا کے پہلے بلے باز ہیں جنہیں ون ڈے ڈیبیو پر سنچری اسکور کرنے کا اعزاز حاصل ہوا جبکہ ان سے قبل 7 بلے باز ایسے ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ انجام دیا۔
24 سالہ فلپ ہیوز گو کہ آسٹریلیا کا ٹیسٹ دستے کا مستقل حصہ ہیں اور 2009ء سے اب تک 20 ٹیسٹ میچز میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں، لیکن انہیں ایک روزہ طرز کی کرکٹ کے لیے موزوں نہیں سمجھا جاتا۔ اب جبکہ آسٹریلیا مائیکل کلارک، شین واٹسن، ڈیوڈ وارنر اور مائیکل ہسی جیسے کھلاڑیوں کے بغیر ایک روزہ سیریز کھیل رہا ہے، فلپ ہیوز کو موقع دیا گیا کہ وہ سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیريز میں اوپننگ کا خلا پورا کریں اور انہوں نے پہلے ہی میچ میں خود کو ثابت کر دکھایا۔ انہوں نے 129 گیندوں پر 14 چوکوں کی مدد سے 112 رنز کی قیمتی اننگز کھیلی۔ تیسری وکٹ پر کپتان جارج بیلی کے ساتھ ان کی 140 رنز کی ساجھے داری نے میچ کے فیصلے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
یاد رہے کہ فلپ ہیوز سری لنکا کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں دو مرتبہ سنچری سے محروم رہ گئے تھے۔ وہ ہوبارٹ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 86 اور سڈنی میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میں 87 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے تھے لیکن تمام کسر انہوں نے ملبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں نکال لی۔
ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی سنچری انگلستان کے عظیم کھلاڑی ڈینس ایمس نے اگست 1972ء میں بنائی تھی جب انہوں نے اولڈ ٹریفرڈ، مانچسٹر میں آسٹریلیا کے خلاف 134 گیندوں پر 103 رنز اسکور کیے۔ یہ ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کا محض دوسرا مقابلہ تھا، جس میں ایمس کی سنچری انگلستان کو 6 وکٹوں سے فتح یاب کر گئی۔
پاکستان کی جانب سے یہ اعزاز صرف سلیم الٰہی کو حاصل ہے۔ انہوں نے ستمبر 1995ء میں گوجرانوالہ میں کھیلے گئے ایک روزہ مقابلے میں سری لنکا کے خلاف ناقابل شکست 102 رنز بنائے تھے۔
ہم قارئین کی دلچسپی کے لیے کچھ اعدادوشمار اس ٹیبل میں پیش کر رہے ہیں، امید ہے معلومات میں اضافے کا باعث بنیں گے:
نام | ملک | رنز | گیندیں | چوکے | چھکے | بمقابلہ | بمقام | بتاریخ |
---|---|---|---|---|---|---|---|---|
ڈینس ایمس | ![]() |
103 | 134 | 9 | 0 | ![]() |
مانچسٹر | 24 اگست 1972ء |
ڈیسمنڈ ہینز | ![]() |
148 | 136 | 16 | 2 | ![]() |
سینٹ جانز | 22 فروری 1978ء |
اینڈی فلاور | ![]() |
115* | 152 | 8 | 1 | ![]() |
نیو پلائیمتھ | 23 فروری 1992ء |
سلیم الہی | ![]() |
102* | 133 | 7 | 1 | ![]() |
گوجرانوالہ | 29 ستمبر 1995ء |
مارٹن گپٹل | ![]() |
122* | 135 | 8 | 2 | ![]() |
آکلینڈ | 10 جنوری 2009ء |
کولن انگرام | ![]() |
124 | 126 | 8 | 2 | ![]() |
بلوم فاؤنٹین | 15 اکتوبر 2010ء |
راب نکول | ![]() |
108* | 131 | 11 | 0 | ![]() |
ہرارے | 20 اکتوبر 2011ء |
فلپ ہیوز | ![]() |
112 | 129 | 14 | 0 | ![]() |
ملبورن | 11 جنوری 2013ء |