[آج کا دن] پاکستان کا پہلا ٹیسٹ اوپنر

تقسیم ہند کے سات سال بعد وہ تاریخی موقع آیا جب پاکستان نے دنیائے کرکٹ میں قدم رکھا اور لارڈز کے تاریخی میدان میں جب انگلستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ شروع ہوا تو جس بلے باز نے پاکستان کی جانب سے پہلی گیند کا سامنا کیا، وہ علیم الدین تھے۔ آج کے روز یعنی 15 دسمبر کو اجمیر، راجستھان میں پیدا ہونے والے علیم الدین نے 10 جون 1954ء کو شروع ہونے والے لارڈز ٹیسٹ سے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا اور پھر 25 ٹیسٹ مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کی۔

دائیں ہاتھ کے اس جارح مزاج بلے باز اور عمدہ فیلڈر نے 1955ء میں بھارت کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں 103 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جو نیشنل اسٹیڈیم میں کسی بھی بلے باز کی پہلی سنچری تھی۔
علیم الدین نے آخری ٹیسٹ جولائی 1962ء میں اس وقت کھیلا جب ان کی عمر محض 32 سال تھی۔ وہ 25.37 کے اوسط سے 1091 رنز بنا کر دنیائے کرکٹ سے رخصت ہو گئے۔
بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد علیم الدین مستقل طور پر انگلستان منتقل ہو گئے جہاں وہ لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے ملازم تھے۔
قبل از تقسیم ہند علیم الدین رنجی ٹرافی میں تاریخ کے کم عمر ترین کرکٹر کی حیثیت سے راجستھان کی نمائندگی کی۔ اس وقت علیم کی عمر محض 12 سال اور 73 دن تھی، جب انہوں نے اپنا پہلا فرسٹ کلاس ٹیسٹ کھیلا۔
قیام پاکستان کے بعد وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ کراچی منتقل ہو گئے۔ آپ انگلستان کے خلاف اوول میں پاکستان پہلی و یادگار ترین فتح کے وقت بھی ٹیم کا حصہ تھے۔
علیم الدین رواں سال 12 جولائی کو لندن میں انتقال کر گئے۔ وہ دل کے مریض تھے اور گردوں کی خرابی کے بھی شکار تھے۔