سری لنکا نیوزی لینڈ پہلا ایک روزہ بارش کی نذر

واحد ٹی ٹوئنٹی کے بعد سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ایک روزہ سیریز کا پہلا مقابلہ بھی بارش کی نظر ہو گیا۔ پالی کیلے میں طے شدہ اس مقابلے سے قبل ہونے والی بارش سے میچ کے تاخیر سے آغاز عندیہ دیا گیا تھا لیکن اس کے بعد مستقل بارش اور بوندا باندی کے باعث ایک مرتبہ پھر ایسا موقع نہ آیا کہ میدان پر سے کورز ہٹائے گئے ہیں یہاں تک کہ مقامی وقت کے مطابق شام پانچ بجے میچ ریفری نے مقابلے کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔

یوں پانچ ایک روزہ مقابلوں کی سیریز کا آغاز ہی اک ایسے مقابلے سے ہوا، جس میں ایک بھی گیند نہ پھینکی جا سکی۔
اب دونوں ٹیمیں دوسرا اور تیسرا ایک روزہ کھیلنے کے لیے کولمبو روانہ ہوں گی۔ جہاں کے رانا سنگھے پریماداسا اسٹیڈیم میں 4 اور 6 نومبرکو میچز کھیلے جائیں گے۔
بحر ہند میں واقع جزیرہ سری لنکا خط استوا کے قریب اور مون سون کی ہواؤں کی براہ راست زد میں ہونے کی وجہ سے بہت زیادہ بارشوں والا علاقہ شمار ہوتا ہے اور ماضی میں ایک مرتبہ پھر تو پوری سیریز ہی مسلسل بارشوں کی وجہ سے ملتوی کی جا چکی ہے۔ اب جبکہ اگلے چند روز تک سری لنکا بھر میں بارشوں کی پیش گوئی ہے، دیکھنا یہ ہے کہ بارش سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کو کتنا متاثر کرتی ہے۔