ویسٹ انڈیز کو سہارا دینے سیموئلز انگلینڈ پہنچ گئے

آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں مایوس کن نتائج سمیٹنے کے بعد انگلستان پہنچنے والا ویسٹ انڈین دستے کی پریشانیوں سے کچھ راحت ضرور ملی ہوگی کیونکہ مارلون سیموئلز ان کا ساتھ دینے کے لیے انگلستان پہنچ چکے ہیں۔

دوسری جانب نارسنگھ دیونرائن اور اسد فدادین اپنے ویزے کے مسائل سے نمٹنے کے بعد بابائے کرکٹ کی سرزمین پر پہنچنے کے لیے تیار ہیں اور پہلے ٹیسٹ سے قبل ٹیم کے تمام اراکین کے آنے سے ویسٹ انڈیز کے حوصلوں کو ضرور تقویت ملے گی۔ اب دیونرائن اور اسد کی آمد بھی آج ہی متوقع ہے۔
سسیکس کاؤنٹی کے خلاف مہمان ویسٹ انڈیز کا پہلا وارم اپ مقابلہ خراب موسم کی نذر ہو گیا، جو اس نے صرف 11 فٹ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلا۔
سیموئلز انڈین پریمیئر لیگ میں پونے واریئرز کی نمائندگی کر رہے تھے، اور اب بھارت سے انگلستان آ چکے ہیں تاکہ 17 مئی سے لارڈز میں قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے کھیل سکیں البتہ اہم گیند باز فیڈل ایڈورڈز کی کمر کی تکلیف بدستور موجود ہے لیکن ٹیم انتظامیہ کو امید ہے کہ پہلے ٹیسٹ سے قبل وہ مکمل طور پر فٹ ہو جائیں گے۔
ویسٹ انڈیز اپنا دوسرا اور آخری وارم اپ میچ انگلینڈ لائنز کے خلاف نارتھمپٹن میں جمعرات کو کھیلے گا۔