یووراج سنگھ کی کیموتھراپی تقریباً مکمل، جلد صحت یابی کا امکان

ابتدائی درجے کے سرطان میں مبتلا بھارت کے بلے باز یووراج سنگھ علاج کے آخری مرحلے کے اختتام کا انتظار کر رہے ہیں اور ان کے مطابق چار روز میں کیموتھراپی مکمل ہو جائے گی۔

بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے کھلاڑی نے یہ اعلان معروف سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کیا۔
بھارت کے روزنامے 'ہندوستان ٹائمز' کے مطابق یووراج گزشتہ ماہ سے امریکہ کے شہر بوسٹن میں زیر علاج ہیں اور انہوں نے گزشتہ ماہ بتایا تھا کہ ان کے پھیپھڑوں اور دل کے درمیان موجود رسولی تقریباً ختم ہو چکی ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وہ مئی کے پہلے ہفتے تک ایک مرتبہ پھر کرکٹ میدانوں کا رخ کر پائیں گے۔
کیموتھراپی کے علاج کے دوران انہیں اپنے بالوں سے بھی محروم ہونا پڑااور اب علاج کی تکمیل کے بعد وہ ماہ اپریل میں بحالی کے عمل سے گزریں گے۔
سرطان کی تشخیص کے بعد سے یووراج سنگھ بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے سے محروم ہیں اور انہوں نے آخری مرتبہ نومبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ مقابلوں میں حصہ لیا تھا۔
274 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں 8 ہزار سے زائد رنز بنانے والے یووراج سنگھ گزشتہ عالمی کپ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے جن کی بدولت بھارت نے عالمی اعزاز اپنے نام کیا۔
یووراج سنگھ کا ٹویٹر پر بھیجا گیا پیغام:
My last stretch 4 mor dys to goCan't wait fr it to endSet me free dear lord livestrong yuvstrong yfrog.com/ntjypfbj
— yuvraj singh (@YUVSTRONG12) March 13, 2012