مصباح کی دفاعی حکمت عملی پر عمران خان کی تنقید

پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین کپتان عمران خان نے موجودہ قائد مصباح الحق کی دفاعی حکمت عملی اور بیٹنگ آرڈر میں تاخیر سے آمد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کپتان کو چھٹے نمبر کے بجائے تیسرے نمبر پرکھیلنا چاہیے اور ساتھ ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ سے بھی مطالبہ کیا ہےکہ وہ مستقبل کے لیے کپتان تیار کرے۔

عمران خان پاکستان اور انگلستان کے درمیان ایک روزہ سیریز کا چوتھا و آخری مقابلہ دیکھنے کے لیے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم تشریف لائے اور اس موقع پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مصباح الحق چھٹے نمبر پر جب آکر سیٹ ہوتے ہیں تب تک دوسرے اینڈ سے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوجاتے ہیں جس وجہ سے پاکستان بڑا اسکور نہیں کرپاتا۔ اس لیے مصباح الحق کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اوپر کے نمبروں پر بیٹنگ کرنا ہوگی۔
مصباح الحق کی بڑھتی ہوئی عمر پر گفتگو کرتے ہوئے عالمی کپ 1992ء کے فاتح کپتان نے کہا کہ کھلاڑی کی عمر سے زیادہ اس کی فارم اہم ہوتی ہے تاہم پھر بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کو مستقبل کے کپتان کے لیے متبادل تیار کرنا چاہیے۔
انگلستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں تاریخی کلین سویپ فتح کے بعد ایک روزہ میں پاکستان کرکٹ ٹیم بالکل مختلف روپ میں نظر آئی ہے اور ابتدائی تینوں ایک روزہ مقابلوں میں شکست کھا کر سیریز ہار چکی ہے۔ اس لیے ہر سمت سے محدود اوورز کی کرکٹ میں مصباح الحق کی قائدانہ صلاحیتوں پر انگلیاں اٹھائی جا رہی ہیں۔ گو کہ عمران خان نے یہ کہہ کر کہ ”عمر سے زیادہ فارم اہم ہوتی ہے“، مصباح الحق کے پلڑے میں اپنا وزن ڈالا ہے لیکن ساتھ ہی بورڈ سے متبادل کپتان تیار کرنے کا مطالبہ اس امر کا اشارہ ہے کہ اب کم از کم محدود طرز کی کرکٹ میں مصباح کی قیادت کے ایام ختم ہو رہے ہیں۔