بھارت کے محدود اوورز کے دستے کا اعلان، سچن کی واپسی

بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز اور بعد ازاں سہ فریقی ایک روزہ ٹورنامنٹ کے لیے اپنے محدود اوورز کے دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں عالمی کپ 2011ء کے بعد پہلی بار سچن ٹنڈولکر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ سچن نےآخری مرتبہ عالمی کپ کے فائنل میں بھارت کی نمائندگی کی تھی اور اس کے بعد سے وہ صرف طویل طرز کی کرکٹ میں بھارت کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

سچن کے علاوہ تیز گیند باز ظہیر خان بھی ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ مقابلے کھیلنے کے لیے آسٹریلیا ہی میں قیام کریں گے۔ وہ بھی عالمی کپ کے بعد سے بھارت کی نمائندگی کر پائے تھے۔ علاوہ ازیں تیز گیند باز پروین کمار کو بھی 17 رکنی دستے میں طلب کر لیا گیا ہے جو زخمی ہونے کے باعث ٹیسٹ سیریز میں حصہ نہیں لے پائے تھے۔ ٹیسٹ سیریز کے خاتمے کے بعد بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 5 فروری سے دو ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے کھیلے جائیں گے جس کے بعد ایک سہ فریقی ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگا جس میں تیسرا فریق سری لنکا ہوگا۔
بھارت نے گیند بازی کے شعبے کی 'کمزوری' کو مدنظر رکھتے ہوئے عرفان پٹھان کو بھی طلب کیا ہے جنہیں گزشتہ ماہ ہوم گراؤنڈ پر ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری دو مقابلوں کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ تیز گیند بازی کے شعبے میں اُمیش یادیو اور ونے کمارکو بھی حصہ بنایا گیا ہے۔
متبادل وکٹ کیپر کے طور پرپارتھیو پٹیل کا انتخاب کیا گیا ہے جبکہ علالت کے باعث یووراج سنگھ کو بدستور ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
مکمل دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا (بلحاظ حروف تہجی):
مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، اُمیش یادیو، پارتھیو پٹیل، پروین کمار، راہول شرما، روہیت شرما، روی چندر آشوِن، رویندر جدیجا، سچن ٹنڈولکر، سریش رائنا، ظہیر خان، عرفان پٹھان،گوتم گمبھیر، منوج تیواری، وریندر سہواگ، ونے کمار اور ویرات کوہلی۔