حفیظ کی جادوئی کارکردگی، پاکستان نے زمبابوے کو کچل کر رکھ دیا

1 1,053

محمد حفیظ کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت پاکستان نے زمبابوے میں اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پہلا ٹی ٹوئنٹی 85 رنز کے بھاری مارجن سے جیت لیا۔ پاکستان نے بہت شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو کھیل کے تمام شعبوں میں چاروں شانے چت کیا اور بالخصوص پاکستان کی فیلڈنگ بہت کمال کی رہی، اسے بلاشبہ حالیہ چند سالوں میں پاکستان کی بہترین فیلڈنگ کارکردگی کہا جا سکتا ہے۔

محمد حفیظ 71 رنز کی فتح گر اننگز کھیلنے کے بعد میدان سے واپس لوٹتے ہوئے (تصویر: AP)
محمد حفیظ 71 رنز کی فتح گر اننگز کھیلنے کے بعد میدان سے واپس لوٹتے ہوئے (تصویر: AP)

میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دیے گئے محمد حفیظ کے لیے تو پوری سیریز ہی یادگار رہی لیکن ٹی ٹوئنٹی میں تو ان کی کارکردگی اپنے عروج پر دکھائی دی، پہلے بلے بازی کرتے ہوئے انہوں نے محض 48 گیندوں پر 71 رنز بنائے اور پھر اپنی اسپن گیندبازی کا جادو جگاتے ہوئے چار حریف بلے بازوں کو شکار بھی کیا۔ اور یہی نہیں بلکہ فیلڈنگ میں بھی اپنی پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک حریف بلے باز کو رن آؤٹ کیا اور یوں اس مقابلے کو اپنے لیے یادگار ترین بنا لیا۔

زمبابوے کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ ابتداء ہی سے ان کے حق میں ثابت نہ ہوا کیونکہ پاکستانی اوپنرز محمد حفیظ اور اسد شفیق کا بلا آغاز ہی سے آگ اگلتا محسوس رہا تھا۔ دونوں نے محض 7 اوورز میں 74 رنز کی شاندار شراکت داری قائم کی۔ اگر اسد شفیق وکٹوں کے درمیان پھسل کر رن آؤٹ نہ ہوتے تو شاید یہ شراکت کہیں آگے بڑھتی۔ اسد شفیق نے محض 23 گیندوں پر ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے۔ دوسرے اینڈ سے محمد حفیظ زمبابوین باؤلرز کی کمزوری اور ناقص باؤلنگ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے رہے اور انہوں نے وکٹ کے چاروں طرف کھل کر شاٹس کھیلے۔ اسد کے بعد دورے میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے رمیز راجہ جونیئر میدان میں آئے۔ انہوں نے محمد حفیظ کے ساتھ مل کر رنز بننے کی رفتار کو برقرار رکھنے کی بھرپور کوشش کی تاہم وہ اپنی کارکردگی سے متاثر نہ کر سکے تاہم محمد حفیظ کی شعلہ فشانی کام آئی اور اگلے 8 اوورز میں مزید 73 رنز جڑے۔

'پروفیسر' کہلانے والے محمد حفیظ نے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کیریئر میں اپنا سب سے بڑا اسکور تو بنا لیا لیکن بدقسمتی سے اسے سنچری میں تبدیل نہ کر سکے۔ وہ 48 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 71 رنز بنانے کے بعد چامو چی بھابھا کی ایک فل ٹاس گیند کو میدان بدر کرنے کی کوشش میں ڈیپ مڈ وکٹ پر کیچ تھما بیٹھے۔ یوں ان کی جارحانہ اننگز کا خاتمہ ہوا۔

پاکستان کی اگلی وکٹ بھی کچھ دیر میں رمیز راجہ کی صورت میں گرگئی، جو 27 گیندوں پر 23 رنز بنانے کے بعد رے پرائس کے ہاتھوں پویلین لوٹے۔ شعیب ملک دورے میں تیسرا موقع دیے جانے کے باوجود ناکام ثابت ہوئے اور محض 7 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

حتمی اوورز میں عمر اکمل اور سہیل تنویر نے تیز رفتاری سے رنز بنا کر پاکستان کو 198 کے اسکور تک پہنچا دیا۔ عمر اکمل نے 11 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد 22 جبکہ سہیل تنویر نے 5 گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 17 رنز بنائے۔

اتنے بڑے اسکور تک پہنچنے میں جہاں پاکستانی بلے بازوں کا کردار اہم تھا وہیں زمبابوے کی انتہائی ناقص فیلڈنگ بھی اہم محرک تھی۔ زمبابوے کے فیلڈرز نے کیچ چھوڑ کر پاکستانی بلے بازوں کو کئی مواقع دیے، جن کا انہوں نے خوب فائدہ اٹھایا۔
زمبابوے کی جانب سے کائل جاروِس، رے پرائس اور چامو چی بھابھا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں اعزاز چیمہ، رمیز راجہ جونیئر اور یاسر شاہ کو اپنے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کیریئر کے آغاز کا موقع دیا جبکہ تجربہ اسپنر سعید اجمل ایک مرتبہ پھر ایکشن میں نظر آئے۔ میچ میں عدنان اکمل کو نہیں کھلایا گیا اور اُن کی جگہ عمر اکمل نے وکٹ کیپنگ کے فرائض سنبھالے۔

جواب میں باؤلنگ و فیلڈنگ میں مایوس کن کارکردگی کے باعث زمبابوے ابتداء ہی سے دباؤ میں محسوس ہوا جبکہ عمدہ بلے بازی کے باعث پاکستانی گیند باز بہت پراعتماد دکھائی دیے۔ اوپنر چامو چی بھابھا کے 28 اور چارلس کوونٹری کے 30 رنز کے علاوہ کوئی بلے باز قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا اور وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹیں بالآخر 16 ویں میں تمام ہوئیں جب محمد حفیظ نے رے پرائس کے بولڈ کر کے نہ صرف میچ میں اپنی چوتھی وکٹ حاصل کی بلکہ محض 113 کے اسکور پر میزبان ٹیم کی اننگز کا خاتمہ بھی کر دیا۔

محمد حفیظ کی چار وکٹوں کے علاوہ 2 وکٹیں سہیل خان نے حاصل کیں جبکہ سہیل تنویر، اعزاز چیمہ اور سعید اجمل کو ایک، ایک وکٹ ملی۔

زمبابوے بمقابلہ پاکستان : پہلا ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلہ

بتاریخ: 16 ستمبر 2011ء بمقام: ہرارے اسپورٹس کلب، ہرارے

نتیجہ: پاکستان 85 رنز سے فتحیاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: محمد حفیظ (پاکستان)

سیریز:زمبابوے: 0؛ پاکستان: 1

Pakistan رنز گیندیں چوکے چھکے
محمد حفیظ ک کوونٹری ب چی بھابھا 71 48 6 3
اسد شفیق رن آؤٹ (کوونٹری/ٹائبو) 38 23 6 1
رمیز راجہ ایل بی ڈبلیو ب پرائس 23 27 2 0
عمر اکمل ناٹ آؤٹ 22 11 4 0
شعیب ملک ک ماساکازا ب جاروِس 7 7 0 0
سہیل تنویر ناٹ آؤٹ 17 5 0 2
فاضل رنز ل ب 4، و 15، ن ب 1 20
مجموعہ (20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر) 198

 

زمبابوے (گیند بازی) اوور میڈن رنز وکٹ
کرس ایم پوفو 4 0 59 0
کائل جاروِس 4 0 30 1
رے پرائس 4 0 35 1
ایلٹن چگمبورا 3 0 31 0
ہملٹن ماساکازا 2 0 22 0
چامو چی بھابھا 3 0 17 1

 

Pakistan رنز گیندیں چوکے چھکے
ووسی سبانڈا ک مصباح ب سہیل خان 7 6 1 0
چامو چی بھابھا ایل بی ڈبلیو حفیظ 28 26 2 0
سیفس ژوواؤ ک عمر اکمل ب سہیل خان 0 1 0 0
برینڈن ٹیلر ک یاسر شاہ ب سہیل تنویر 10 7 0 1
ہملٹن ماساکازا ک یاسر شاہ ب حفیظ 12 13 1 0
ایلٹن چگمبورا ک سہیل تنویر ب حفیظ 1 3 0 0
چارلس کوونٹری ک عمر اکمل ب سعید اجمل 30 13 4 1
ٹاٹنڈا ٹائبو رن آؤٹ (محمد حفیظ) 6 7 0 0
رے پرائس ب محمد حفیظ 3 10 0 0
کائل جاروِس ک یاسر شاہ ب اعزاز چیمہ 0 2 0 0
کرس ایم پوفو ناٹ آؤٹ 4 4 0 0
فاضل رنز  ل ب 4، و 8 12
مجموعہ (15.2 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر) 113

 

پاکستان (گیند بازی) اوور میڈن رنز وکٹ
سہیل تنویر 3 0 24 1
سہیل خان 2 0 13 2
اعزاز چیمہ 3 0 21 1
یاسر شاہ 3 0 31 0
محمد حفیظ 2.2 0 10 4
سعید اجمل 2 0 10 1