زمبابوے کی ٹیسٹ اکھاڑے میں شاندار واپسی، بنگلہ دیش کو بدترین شکست

2 1,083

زمبابوے نے 6 سال کی خود ساختہ جلاوطنی کے بعد شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں زبردست انداز میں واپسی کی ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے واحد ٹیسٹ میں میزبان زمبابوے نے کھیل کے تمام شعبوں میں بنگلہ دیش کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ثابت کر دیا کہ راکھ تلے اب بھی چنگاریاں موجود ہیں۔

زمبابوے نے انہی لمحات کے طویل انتظار کے باعث ٹیسٹ کرکٹ سے خود ساختہ جلاوطنی اختیار کی تھی
زمبابوے نے انہی لمحات کے طویل انتظار کے باعث ٹیسٹ کرکٹ سے خود ساختہ جلاوطنی اختیار کی تھی

زمبابوے نے شاندار بلے بازی اور بہترین گیند بازی کے ساتھ ساتھ عمدہ فیلڈنگ کے ذریعے بنگلہ دیش کو چاروں شانے چت کیا اور 130 رنز کی زبردست فتح حاصل کی۔ خاص طور پر ہملٹن ماساکازاکی پہلی اننگ میں اور کپتان برینڈن ٹیلر کی دوسری اننگ میں سنچریوں نے زمبابوے کی فتح میں اہم کردار ادا کیا جبکہ تمام زمبابوین باؤلرز نے بحیثیت مجموعی بہت عمدہ باؤلنگ کی اور دونوں اننگز میں بنگلہ دیش کو 300 کی نفسیاتی حد بھی عبور نہ کرنے دی۔

بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو زمبابوے کے بلے بازوں نے 6 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھنے کو موقع کو مبارک سمجھتے ہوئے حریف باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی۔ پہلی وکٹ پر ٹینو ماوویو اور ووسی سبانڈا نے سنچری شراکت داری قائم کی بلکہ تیسری وکٹ پر ہملٹن ماساکازا اور کپتان برینڈن ٹیلر 142 رنز کی شراکت جوڑ کو بنگلہ دیشی شکست کی بنیاد رکھ دی۔ ماوویو نے 43، سبانڈا نے 78 اور برینڈن ٹیلر نے 71 رنز بنائے جبکہ ماساکازا 244 گیندوں پر 104 رنز کی شاندار اننگ کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے۔

بنگلہ دیش نے 304 کے مجموعی اسکور پر ماساکازا کی وکٹ حاصل کی تو اس کے باؤلرز نے میچ میں واپس آنے کی آخری کوشش کی اور میزبان ٹیم کی آخری 7 وکٹیں محض 66 رنز کے اضافے کے ساتھ گرا دیں۔ یوں زمبابوے کی پہلی اننگز 370 رنز پر تمام ہوئی۔ اس اننگز کو ختم کرنے میں روبیل حسین اور شکیب الحسن کی 3،3 جبکہ ربیع الاسلام کی 2 اور عبد الرزاق اور محمود اللہ کی ایک، ایک وکٹ شامل تھی۔ لیکن اتنا اچھا کم بیک بھی بنگلہ دیش کو میچ میں واپس نہ لا سکا کیونکہ زمبابوین گیند بازوں نے اپنی عمدہ باؤلنگ سے مہمان ٹیم کو نفسیاتی برتری حاصل نہ کرنے دی۔

پہلی اننگ میں بنگلہ دیش شہریار نفیس ، محمد اشرفل اور شکیب الحسن کی نصف سنچریوں کی بدولت 287 رنز کا مجموعہ اکٹھا کرنے میں تو کامیاب ہوا لیکن پھر بھی وہ 83 رنز کے خسارے میں رہا ۔ محمد اشرفل 73 رنز کے ساتھ اننگز کے ٹاپ اسکورر رہے جبکہ شکیب الحسن نے 68 اور شہریار نفیس نے 50 رنز بنائے۔

زمبابوے کی جانب سے برائن وٹوری نے 4، کرس ایم پوفو اور رے پرائس نے 2،2 اور کائل جاروِس اور ایلٹن چگمبورا نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

83 رنز کی برتری کے ساتھ زمبابوے کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوا اور اس نے میچ کے چوتھے روز کپتان برینڈن ٹیلر کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت بنگلہ دیش کی میچ میں واپس آنے کی موہوم سی امیدیں بھی ختم کر دیں۔ ابتدائی بلے بازوں کی ناکامی اور 92 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد میچ ایک لمحے کے لیے دلچسپ مرحلے میں داخل ہوتا دکھائی دیا لیکن ٹیلر نے سابق کپتان ٹٹنڈا ٹائبو کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ پر 113 رنز کی شراکت داری کی اور پھر کریگ اروائن کے ساتھ چھٹی وکٹ پر مزید 86 رنز کا اضافہ کر کے بنگلہ دیشی ارادوں کی کمر توڑ دی۔ 291 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر زمبابوے نے اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کیا اور بنگلہ دیش کو فتح کے لیے 375 رنز کا ہمالیہ جیسا ہدف دیا۔

ٹیلر 175 گیندوں پر 105 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ اننگز کے دیگر اہم بلے باز ٹائبو نے 59 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شفیع الاسلام، ربیع الاسلام، عبد الرزاق، روبیل حسین اور شکیب الحسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

375 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی اوپنرز نے 69 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن اس کے بعد میزبان باؤلرز نے وقفے وقفے سے وکٹیں گرانے کا سلسلہ شروع کر دیا۔ پانچویں روز کے آغاز پر جب بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں کے ساتھ 263 رنز درکار تھے، زمبابوے کے گیند بازوں نے صبح کے سیشن میں ہی میچ کے نتیجے پر یقینی مہر لگا دی۔ بنگلہ دیش کو ضرورت تھی بلے بازوں کی طرف سے صبر آزما اور ذمہ دارانہ اننگز کی، لیکن انہوں نے جلد بازی اور ناقص شاٹ سلیکشن کے باعث میچ میں واپس آنے کی امیدوں پر خود ہی پانی پھیر دیا۔ کوئی بنگلہ دیشی بلے باز نصف سنچری بھی نہ بنا سکا۔ تمیم اقبال اور عبد الرزاق 43، 43 رنز کے ساتھ سرفہرست رہے۔

عبد الرزاق نے آخر میں دھواں دار بلے بازی کی اور محض 17 گیندوں پر 43 رنز بنائے۔ انہوں نے کرس ایم پوفو کے اوور میں پانچ چوکے اور رے پرائس کے اوور میں تین چھکے رسید کیے۔ ایک لمحے کے لیے تیز ترین ٹیسٹ نصف سنچری کا ریکارڈ بھی ان کے ہاتھوں ٹوٹنے کے قریب تھا لیکن وہ بدقسمتی سے اس ریکارڈ تک پہنچنے سے قبل ہی پویلین سدھار گئے۔

بنگلہ دیش کی شکست کا اہم سبب زمبابوے کو ضرورت سے زیادہ کمزور سمجھنا بھی تھا۔ کھیل کے ابتدائی چار روز تک کھیل کے ہر شعبےمیں آؤٹ کلاس ہونے کے باوجود چوتھے روز کے اختتام پر بنگلہ دیشی بلے باز تمیم اقبال کا یہ کہنا کہ زمبابوے کا پیس اٹیک "عام" سا ہے، مہمان دستے کی کم عقلی کا ثبوت ہے۔

پانچویں روز صبح کے سیشن میں اسی "عام" سے باؤلنگ اٹیک نے بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن اپ کی دھجیاں بکھیر دیں۔ وٹوری، ایم پوفو اور جاروس نے بنگلہ دیشی بلے بازوں کو تگنی کا ناچ نچایا اور کھانے کے وقفے کے فوراً بعد بنگلہ دیشی اننگز کی بساط 244 رنز پر لپیٹ کر زمبابوے کو 130 رنز کی شاندار و یادگار فتح سے ہمکنار کر دیا۔

جاروس نے 4، کرس ایم پوفو نے 3، چگمبورا نے 2 جبکہ وٹوری نے ایک وکٹ حاصل کی۔

زمبابوین کپتان برینڈن ٹیلر کو دونوں اننگز میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس فتح سے زمبابوےکے حوصلے بہت بلند ہوئے ہوں گے اور وہ اسی بلند حوصلگی کے ساتھ بنگلہ دیش کے خلاف 5 ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلے گا جو 12 اگست سے ہرارے اسپورٹس کلب ہی میں شروع ہو رہی ہے۔

زمبابوے بمقابلہ بنگلہ دیش
واحد ٹیسٹ مقابلہ (4 تا 8 اگست 2011) بمقام: ہرارے اسپورٹس کلب

نتیجہ: زمبابوے 130 رنز سے کامیاب
مین آف دی میچ: برینڈن ٹیلر (زمبابوے)
سیریز: زمبابوے: 2؛ بنگلہ دیش: 0؛

زمبابوےزمبابوے (پہلی اننگ) رنز گیندیں چوکے چھکے
ٹینو ماویو ک محمود اللہ ب ربیل حسین 43 76 7 0
ووسی سبانڈا ک مشفیق الرحمن ب ربیل حسین 78 153 7 1
ہملٹن مساکاٹزا ک امرالقیس ب روبیول اسلام 104 244 8 1
برینڈن ٹیلر ک مشفیق الرحمن ب روبیول اسلام 71 163 6 0
کریگ اروین ایل بی ڈبلیو محمود اللہ 6 31 1 0
ٹٹنڈا ٹائبو ک شہریار نفیس ب شکیب الحسن 23 44 3 0
الٹن چگمبرا ک شفیع الاسلام ب شکیب الحسن 5 12 1 0
رے پرائس ایل بی ڈبلیو روبیل حسین 4 16 1 0
کائل جرویس آؤٹ نہیں ہوئے 4 24 0 0
برائن وٹوری ک روبیل اسلام ب شکیب الحسن 12 19 1 1
کرس مپوفو اسٹمپ مفیق الرحمن ب عبدالزاق 1 6 0 0
فاضل رنز (4 بائے؛ 11 لیگ بائے؛ 1 وائڈ؛ 2 نوبالز) 18
مجموعہ (131 اوورز میں تمام کھلاڑی آؤٹ) 370

 

بنگلہ دیش (گیند بازی) اوور میڈن رنز وکٹ
شفیع الاسلام 22 8 38 0
روبیول اسلام 30 4 106 2
روبیل حسین 29 3 84 3
شکیب الحسن 26 5 62 3
عبدالرزاق 22 2 57 1
محمود اللہ 2 0 8 1

 

بنگلہ دیشبنگلہ دیش (پہلی اننگ) رنز گیندیں چوکے چھکے
تمیم اقبال ک برینڈن ٹیلر ب برائن وٹوری 15 33 3 0
امرالقیس ک رے پرائس ب برائن وٹوری 4 9 1 0
شہریار نفیس ب رے پرائس 50 126 9 0
محمد اشرفل ک ٹٹنڈا ٹائبو ب ایلٹن چگمبرا 73 158 10 0
محمود اللہ ک ٹینو ماوویو ب برائن وٹوری 13 35 0 0
شکیب الحسن ک ٹٹنڈا ٹائبو ب کرس مپوفو 68 88 7 0
مشفیق الرحمن ک ٹینو ماوویو ب برائن وٹوری 27 68 3 0
عبدالرزاق ایل بی ڈبلیو کرس مپوفو 11 20 1 0
شفیع الاسلام ب کائل جرویس 5 15 0 0
روبیل حسین آؤٹ نہیں ہوئے 16 28 2 0
روبیول اسلام ایل بی ڈبلیو رے پرائس 0 2 0 0
فاضل رنز (1 بائے؛ 4 نوبالز) 5
مجموعہ (96.2 اوورز میں تمام کھلاڑی آؤٹ) 287

 

زمبابوے (گیند بازی) اوور میڈن رنز وکٹ
برائن وٹوری 24 5 66 4
کائل جرویس 16 1 67 1
کرس مپوفو 23 5 72 2
ایلٹن چگمبورا 19 4 47 1
رے پرائس 14.2 4 34 2

 

زمبابوےزمبابوے (دوسری اننگ) رنز گیندیں چوکے چھکے
ٹینو ماویو ب روبیول اسلام 35 95 5 0
ووسی سبانڈا ک متبادل (ناصر حسین) ب روبیل حسین 38 59 3 1
ہملٹن مساکاٹزا ک اور ب شکیب الحسن 5 28 0 0
برینڈن ٹیلر آؤٹ نہیں ہوئے 105 175 9 0
رے پرائس ایل بی ڈبلیو ب عبدالرزاق 4 8 1 0
ٹٹنڈا ٹائبو ک روبیول اسلام ب شکیب الاسلام 59 136 5 0
کریگ اروین آؤٹ نہیں ہوئے 35 55 4 0
فاضل رنز (2 لیگ بائے؛ 4 وائڈ؛ 4 نوبالز) 10
مجموعہ (92 اوورز میں 5 کھلاڑی آؤٹ) 291

 

بنگلہ دیش (گیند بازی) اوور میڈن رنز وکٹ
شفیع الاسلام 11 3 29 1
روبیول اسلام 13 1 48 1
عبدالرزاق 20 5 49 1
روبیل حسین 17 2 75 1
محمود اللہ 12 3 27 0
شکیب الحسن 18 4 60 1
امرالقیس 1 0 1 0

 

بنگلہ دیشبنگلہ دیش (دوسری اننگ؛ ہدف 375 رنز) رنز گیندیں چوکے چھکے
تمیم اقبال ب کرس مپوفو 43 44 7 0
امرالقیس ک ٹٹنڈا ٹائبو ب کائل جرویس 31 64 4 0
شہریار نفیس ب کائل جرویس 9 37 1 0
محمد اشرفل ب برائن وٹوری 39 51 5 0
مشفیق الرحمن ک کریگ اروائن ب کرس مپوفو 28 70 2 0
محمود اللہ ک ٹٹنڈا ٹائبو ب کرس مپوفو 11 25 1 0
شکیب الحسن ک برینڈن ٹیلر ب ایلٹن چگمبرا 6 5 1 0
عبدالرزاق ب ایلٹن چگمبرا 43 17 5 3
شفیع الاسلام ب کائل جرویس 7 14 0 0
روبیل حسین آؤٹ نہیں ہوئے 8 11 2 0
روبیول اسلام ایل بی ڈبلیو کائل جرویس 12 8 3 0
فاضل رنز (4 بائے؛ 2 لیگ بائے؛ 1 نوبال) 7
مجموعہ (57.3 اوورز میں تمام کھلاڑی آؤٹ) 244

 

زمبابوے (گیند بازی) اوور میڈن رنز وکٹ
برائن وٹوری 15 1 56 1
کائل جرویس 16.3 4 61 4
ایلٹن چگمبورا 15 3 50 2
کرس مپوفو 10 0 51 3
رے پرائس 2 0 20 0