ذکا اشرف پی سی بی کی تاریخ کے پہلے 'منتخب' چیئرمین

1 1,073

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین ذکا اشرف پی سی بی کے نئے آئین کے تحت آئندہ چار سالوں کے لیے پہلے منتخب سربراہ بن گئے ہیں۔

ذکا اشرف کو اکتوبر 2011ء میں صدر آصف علی زرداری نے غیر معینہ مدت کے لیے چیئرمین پی سی بی مقرر کیا تھا (تصویر: AP)
ذکا اشرف کو اکتوبر 2011ء میں صدر آصف علی زرداری نے غیر معینہ مدت کے لیے چیئرمین پی سی بی مقرر کیا تھا (تصویر: AP)

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے تمام رکن بورڈز کو جون 2013ء تک خود مختار بنانے اور حکومتی مداخلت سے پاک کرنے کا حکم دیا تھا۔ آئی سی سی نے وقت مقررہ تک ایسا کرنے میں ناکامی پر بورڈز پر پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا۔

60 سالہ ذکا اشرف کو صدر پاکستان آصف علی زرداری نے اکتوبر 2011ء میں پرانے نظام ہی کے تحت غیر معینہ مدت تک کے لیے مقرر کیا تھا۔

پی سی کا نیا آئین، جو فروری میں متعارف کروایا گیا، نے پرانے آئین کی جگہ لی جس کے تحت چیئرمین بورڈ کے پیٹرن یعنی صدر پاکستان کی جانب سے منتخب کیا جاتا تھا۔

ذکا اشرف کو نئے آئین کے تحت بدھ کو اسلام آباد میں ہونے والے پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں چیئرمین منتخب کیا گیا۔

پی سی بی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ "ذکا اشرف نے بورڈ کے پہلے منتخب چیئرمین کی حیثیت سے عہدہ سنبھال لیا ہے اور وہ آج سے چار سالوں تک کے لیے اس پر فائز رہیں گے جیسا کہ آئین میں درج ہے۔"

پی سی بی چیئرمین نامزدگی کمیٹی کی جانب سے انٹرویو کیے گئے دو امیدواروں میں سے ایک تھے۔ دوسرے امیدوار لاہور اسٹاک ایکسچینج کے چیئرمین آفتاب احمد خان تھے۔ دونوں امیدواروں کو صدر آصف زرداری نے تجویز کیا تھا۔

ذکا اشرف نے گزشتہ ماہ آئی سی سی کو نیا آئین پیش کیا تھا اور آئی سی سی کے صدر ایلن آئزک نے پی سی بی کی اس کوشش کو سراہا تھا۔