ذکا اشرف کوچیئرمین پی سی بی کی حیثیت سے کام کرنے سے روک دیا گیا

2 1,192

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ ذکا اشرف، جنہوں نے گزشتہ روز ہی کہا تھا کہ انہیں بورڈ کے چیئرمین کی حیثیت سے کسی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کی ضرورت نہیں، لیکن اسلام آباد کی عدالت عالیہ کی جانب سے اپنی معطلی کےاحکامات کے بعد ان کے اقتدار کا سنگھاسن ڈانواڈول ہو رہا ہے۔

ذکا اشرف پی سی بی کے حالیہ انتخابات میں بورڈ کی تاریخ کے پہلے منتخب چیئرمین بنے تھے، لیکن ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ (تصویر: AFP)
ذکا اشرف پی سی بی کے حالیہ انتخابات میں بورڈ کی تاریخ کے پہلے منتخب چیئرمین بنے تھے، لیکن ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ (تصویر: AFP)

آرمی کی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ میجر (ر) احمد ندیم کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر بورڈ کے چیئرمین کو کام کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ درخواست گزار نے رواں ماہ کے اوائل میں پی سی بی کے انتخابات کے ذریعے سربراہ بننے والے ذکا اشرف کو معطل کرنے کے لیے عدالت سے استدعا کی تھی۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی بورڈ کے چیئرمین، سیکرٹری اسپورٹ بورڈ اور سیکرٹری وزارت بین الصوبائی تعاون کو نوٹس جاری کیے اور ذکا اشرف کو کام کرنے سے روک دیا۔

احمد ندیم نے عدالت عالیہ میں دائر درخواست میں مطالبہ کیا تھا کہ ان کی درخواست کو قبول کیا جائے اور ذکا اشرف کو پی سی بی کے سربراہ کے عہدے سے بٹایا جائے اور ساتھ ساتھ نامزدگی کمیٹی کو بھی غیر قانونی قرار دیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ عدالت دوبارہ انتخابات کے انعقاد کے احکامات جاری کرے۔

اسلام آباد کی عدالت عالیہ کا یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب سال کے سب سے اہم ترین ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے پاکستانی ٹیم کو انگلستان پہنچے ہوئے صرف ایک روز گزرا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی 6 سے 23 جون تک انگلستان میں منعقد ہوگی، جس کے لیے پاکستان کی تیاریوں کا آغاز کل یعنی 30 مئی کو سری لنکا کے خلاف وارم اپ مقابلے سے ہو رہا ہے ۔

ذکا اشرف کی معطلی کے بعد بورڈ آف گورنرز نے آج یعنی 29 مئی کو کراچی میں طے شدہ جنرل کونسل اجلاس ملتوی کر دیا ہے۔

پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے ذکا اشرف کے خلاف مقدمے کے دفاع کا عزم ظاہر کیا ہے، اور ان کا کہنا ہے کہ عدالت کو درست رہنمائی نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے نئے آئین – جس کے تحت ذکا اشرف بورڈ کے پہلے منتخب چیئرمین بنے- کی بین الاقوامی کرکٹ کونسل(آئی سی سی) اور حکومت کی جانب سے توثیق کی گئی۔

یہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے خلاف دائر واحد درخواست نہیں ہے بلکہ فیصل آباد اور سیالکوٹ ریجن نے بھی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں اور ذکا اشرف کی تقرری کے خلاف ایک پٹیشن سابق وکٹ کیپر راشد لطیف نے بھی دائر کر رکھی ہے۔

مزید برآں لاہور، کراچی، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، ایبٹ آباد کی ریجنل ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے بھی منگل کو لاہور میں پریس کانفرنس کی اور ذکا اشرف کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ چیئرمین کے انتخاب کے لیے ان تمام نمائندوں کو پی سی بی کی جانب سے مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا۔