نیدرلینڈز کی بدترین کارکردگی، 39 رنز پر ڈھیر

2 1,086

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ایک اور شام انتہائی اکتا دینے والے مقابلے کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی اور سری لنکا نے نیدرلینڈز کو صرف 39 رنز پر ڈھیر کرکے 9 وکٹوں سے مقابلہ جیت لیا اور اپنے سیمی فائنل کھیلنے کے امکانات بہت زیادہ روشن کرلیے ہیں۔

کیا عروج؟ کیسی پستی؟ چند روز قبل 191 رنز کا ہدف 14 اوورز میں حاصل کرنے والا نیدرلینڈز آج 39 پر ڈھیر ہوگیا (تصویر: Getty Images)
کیا عروج؟ کیسی پستی؟ چند روز قبل 191 رنز کا ہدف 14 اوورز میں حاصل کرنے والا نیدرلینڈز آج 39 پر ڈھیر ہوگیا (تصویر: Getty Images)

آج جب دن کے پہلے مقابلے میں نیوزی لینڈ 171 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا جو ازراہ مذاق یہ تک کہا گیا کہ نیدرلینڈز ہوتا تو یہ ہدف 14 اوورز سے پہلے حاصل کرلیتا۔ یہ اشارہ تھا ان کی آئرلینڈ کے خلاف اس شاندار کارکردگی کی جانب جب انہوں نے پہلے مرحلے کے آخری مقابلے میں 191 رنز کا ہدف 13.5 اوورز میں حاصل کرکے زمبابوے اور آئرلینڈ کو ٹورنامنٹ سے باہر کردیا اور خود اپنے لیے سپر10 میں جگہ بنائی۔ لیکن ایک مقابلے کے فرق سے کارکردگی میں اتنا بڑا فرق؟ ڈچ کھلاڑیوں کو شاید آج نیند نہ آئے۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر جب پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تو شاید ان کے وہم و گمان میں بھی نہ ہوگا کہ نیدرلینڈز تاریخ کے کم ترین مجموعے پر ڈھیر ہوجائے گا۔ اسٹیون مائی برگ، مائیکل سوارٹ اور پیٹر بورین جیسے بلے باز صفر کی ہزیمت سے دوچار ہوں گے اور ٹام کوپر کے علاوہ کوئی دہرے ہندسے میں بھی نہ پہنچے گا۔ پوری ڈچ بیٹنگ لائن اپ 10.3 اوورز میں 39 رنز پر میدان بدر ہوچکی تھی اور میدان میں آنے والے ہزاروں شائقین ، جو کچھ دیر قبل سنسنی خیزی کی آخری حدوں کو چھونے والا نیوزی لینڈ-جنوبی افریقہ کا مقابلہ دیکھ رہے تھے، مایوسی کے عالم میں گھروں کو لوٹنے لگے۔ گو کہ انہیں اپ سیٹ کی امید تو نہیں ہوگی لیکن ایک اچھے مقابلے کی توقع ہر شائق رکھتا ہے۔

بہرحال، اس بدترین کارکردگی کے بعد نیدرلینڈز کا نام ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ کی تاریخ کے بدترین ریکارڈ میں سرفہرست آ گیا ہے، یعنی کم ترین مجموعے۔ انہوں نے گزشتہ سال ستمبر میں کینیا کا بنایا گیا ریکارڈ توڑا جو افغانستان کے خلاف شارجہ کے میدان پر صرف 56 رنز پر ڈھیر ہوگیا تھا۔

سری لنکا کی جانب سے اینجلو میتھیوز اور اجنتھا مینڈس نے تین، تین، لاستھ مالنگا نے دو اور نووان کولاسیکرا نے 1 وکٹ حاصل کی۔

بعد ازاں اس معمولی ہدف کا تعاقب تو سری لنکن بلے باز شاید آنکھیں بند کرکے بھی کرلیتے، لیکن پھر بھی انہوں نے کوشال پیریرا کی وکٹ گنوائی البتہ پانچ اوورز میں ہدف حاصل کرکے اپنے لیے ایک انوکھا ریکارڈ بھی بنا لیا۔ سب سے کم گیندیں استعمال کرکے مقابلہ جیتنے کا ریکارڈ ۔

اینجلو میتھیوز کو 4 اوورز میں 16 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس فتح کے ساتھ سری لنکا گروپ 1 میں سرفہرست آ گیا ہے اور سیمی فائنل تک اپنی رسائی کو تقریباً یقینی بنا لیا ہے۔