ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء کا شیڈول جاری،پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں

0 1,037

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے آئندہ سال بنگلہ دیش میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء کے میچ شیڈولز کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق پاکستان اور بھارت 21 مارچ کو ڈھاکہ میں مدمقابل ہوں گے۔

ویسٹ انڈیز اپنے عالمی ٹی ٹوئنٹی اعزاز کا دفاع کرے گا (تصویر: Getty Images)
ویسٹ انڈیز اپنے عالمی ٹی ٹوئنٹی اعزاز کا دفاع کرے گا (تصویر: Getty Images)

آئی سی سی کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ٹورنامنٹ 16 مارچ سے 6 اپریل تک کھیلا جائے گا جبکہ اسی دوران خواتین کے لیے بھی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی منعقد ہوگا۔ ویسٹ انڈیز مردوں میں اور آسٹریلیا عورتوں میں اپنے عالمی اعزاز کا دفاع کرے گا۔

مردوں کے ٹورنامنٹ میں اس مرتبہ ٹیموں کی تعداد 12 سے بڑھا کر 16 کردی گئی ہے اور فارمیٹ بھی کچھ تبدیل کردیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کو دو مختلف مرحلوں میں تقسیم کردیا گیا ہے جس میں پہلا مرحلہ زمبابوے، بنگلہ دیش اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کوالیفائر ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہاں ٹیموں کو دو کروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور گروپ کی فاتح ٹیم 'سپر 10 مرحلے' میں پہنچے گی جہاں عالمی درجہ بندی کی سرفہرست 8 دیگر ٹیمیں بھی شامل ہوں گی۔

پہلے مرحلے میں گروپ 'اے' میں میزبان بنگلہ دیش کے علاوہ تین ٹیمیں ہوں گی جو 15 سے 30 نومبر تک متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کوالیفائرز سے یہاں پہنچیں گی۔ گروپ 'بی' میں زمبابوے کے علاوہ اسی کوالیفائرز سے آنے والی تین مزید ٹیمیں شامل ہوں گی۔ ان گروپوں میں کون کون سی ٹیمیں شامل ہوں گی اس کا فیصلہ 30 نومبر کو کوالیفائر ز کی تکمیل سے ہوجائے گا۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء کا پہلا مرحلہ 16 سے 21 مارچ تک کھیلا جائے گا جبکہ سپر 10 مرحلے کا آغاز 21 مارچ کو ڈھاکہ میں پاک-بھارت مقابلے سے ہوگا۔

موجودہ عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز 23 مارچ کی شام بھارت کے خلاف مقابلے سے اپنے اعزاز کا دفاع شروع کرے گا جبکہ اسی روز پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔

اگر میزبان بنگلہ دیش سپر 10 مرحلے تک پہنچ گیا تو وہ اپنے تمام میچز ڈھاکہ میں کھیلے گا جہاں 25 مارچ کو ویسٹ انڈیز، 28 مارچ کو بھارت، 30 مارچ کو پاکستان اور یکم اپریل کو آسٹریلیا اس کے مقابل ہوگا۔

مردوں کے ایونٹ کی انعامی رقم اس سال 3 ملین امریکی ڈالرز ہے جس میں سے فاتح کو 1.1 ملین ڈالرز اور فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم کو ساڑھے 5 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے۔

سپر 10 مرحلے کے دونوں گروپ اس طرح ہوں گے:

آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء: سپر 10 مرحلہ، گروپ '1'

سری لنکا
انگلستان
جنوبی افریقہ
نیوزی لینڈ
گروپ 'بی' کوالیفائر

آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء: سپر 10 مرحلہ، گروپ '2'

ویسٹ انڈیز
بھارت
پاکستان
آسٹریلیا
گروپ 'اے' کوالیفائر

اسی دوران ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی بھی کھیلا جائے گا جس کے پہلے مرحلے کے مقابلے 23 مارچ سے 2 اپریل تک سلہٹ میں ہوں گے۔ دونوں گروپوں کی سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔ خواتین کے ٹورنامنٹ میں پاکستان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور آئرلینڈ گروپ 'اے' میں جبکہ انگلستان، ویسٹ انڈیز، بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش گروپ 'بی' میں ہیں۔

ٹورنامنٹ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز 10 نومبر سے ہوگا اور آئی سی سی کی آفیشل ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہوں گے۔