عالمی کپ ثابت کرے گا، اصلی نمبر ایک کون ہے: مائیکل کلارک

1 1,009

ایک روزہ کی عالمی درجہ بندی میں نمبر ون کے لیے سخت مقابلہ جاری ہے۔ گوکہ اس وقت پوزیشن آسٹریلیا کے پاس ہے لیکن آئندہ چند مقابلوں کے نتائج آسٹریلیا کی جگہ جنوبی افریقہ یا بھارت کو اس مقام تک پہنچا سکتے ہیں۔ البتہ آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک کہتے ہیں کہ حقیقی نمبر ایک کون ہے، اس کا فیصلہ عالمی کپ میں ہوگا۔

آسٹریلیا اس وقت ٹیسٹ اور ایک روزہ دونوں طرز کی کرکٹ میں عالمی نمبر ایک ہے (تصویر: Getty Images)
آسٹریلیا اس وقت ٹیسٹ اور ایک روزہ دونوں طرز کی کرکٹ میں عالمی نمبر ایک ہے (تصویر: Getty Images)

عالمی کپ 2015ء فروری اور مارچ میں آسٹریلیا و نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا جس کے آغاز میں اب صرف 6 مہینے کا وقت باقی رہ گیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کی ویب سائٹ کے مطابق مائیکل کلارک کہتے ہیں کہ نمبر ایک کی دوڑ کا حقیقی فیصلہ اس وقت تک نہیں ہوگا جب تک کہ عالمی کپ مکمل نہ ہوجائے۔ جو بھی نیا چیمپئن ہوگا، اسی کو دنیا کی بہترین ٹیم سمجھا جائے گا۔

عالمی درجہ بندی میں اس وقت آسٹریلیا 114 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ اعشاریہ کے معمولی فرق سے بھارت دوسرے پوزیشن پر براجمان ہے۔ جنوبی افریقہ 113 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے اور ان تینوں ٹیموں کی "قربت" سے اندازہ ہوتا ہے کہ آئندہ چند مہینوں میں ان کے درمیان نمبر ایک کی دوڑ شدت کے ساتھ جاری رہے گی۔ بھارت اس وقت انگلستان کے خلاف ایک روزہ سیریز میں برتری حاصل کیے ہوئے ہے جبکہ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا زمبابوے میں سہ فریقی ٹورنامنٹ کھیل رہے ہیں۔

مائیکل کلارک نے کہا کہ کسی بھی طرز کی کرکٹ میں نمبر ایک ہونا بہت اچھا لگتا ہے لیکن حقیقی فیصلہ آئندہ چھ ماہ میں ہوگا۔

آسٹریلیا 1987ء میں پہلی بار عالمی چیمپئن بنا اور اس کے بعد 1999، 2003ء اور 2007ءمیں مسلسل تین بار عالمی کپ ٹرافی اٹھائی۔ جبکہ بھارت موجودہ عالمی چیمپئن ہے جس نے 2011ء میں اپنے ہی میدانوں پر عالمی اعزاز جیتا۔ جنوبی افریقہ ہر مرتبہ اعزاز کے لیے اہم امیدوار ہونے کے باوجود بھی ناک آؤٹ مرحلے سے آگے نہیں بڑھ پایا، البتہ عالمی درجہ بندی میں نمبر ایک بننے کا اعزاز بارہا حاصل کرچکا ہے۔