ویسٹ انڈیز زخمی کرس گیل کی وجہ سے پریشان

0 1,231

اگر یہ کہا جائے تو بے جا نہیں ہوگا کہ کوارٹر فائنل میں اگر کسی ٹیم کو سب سے بڑا امتحان درپیش ہے تو وہ ویسٹ انڈیز ہے۔ عالمی کپ کا سب سے بڑا اپ سیٹ سہنے کے بعد بمشکل اگلے مرحلے تک پہنچنے والے ویسٹ انڈیز کو اب کوارٹر فائنل میں اس نیوزی لینڈ کا مقابلہ کرنا ہے جسے اب تک کوئی شکست نہیں دے سکا۔ اگر معاملہ صرف یہیں تو محدود رہتا تب بھی ٹھیک تھا لیکن کرس گیل کے زخمی ہونا ویسٹ انڈیز پر کاری ضرب ثابت ہو سکتا ہے۔ البتہ ٹیم انتظامیہ پرامید ہے کہ دھواں دار بلے باز ہفتہ کو ہونے والے کوارٹر فائنل سے پہلے فٹ ہوجائيں گے۔

کرس گیل کمر کی تکلیف کی وجہ سے متحدہ عرب امارات کے خلاف آخری گروپ مقابلے میں شرکت نہیں کرپائے تھے، جس میں ویسٹ انڈیز نے چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی اور بعد ازاں پاکستان کی آئرلینڈ پر فتح کی بدولت کوارٹر فائنل میں جگہ پائی۔ اس مقابلے میں کرس گیل کی جگہ جانسن چارلس ٹیم میں شامل ہوئے، جنہوں نے نصف سنچری بھی بنائی۔ لیکن اگر کرس گیل نیوزی لینڈ کے خلاف ناک آؤٹ مقابلے تک تازہ دم نہیں ہوسکے تو ٹیم انتظامیہ کے لیے سخت پیچیدہ صورتحال بن جائے گی۔

کپتان جیسن ہولڈر کہتے ہیں کہ کرس گیل پچھلے ایک سال سے کمر درد سے پریشان ہیں۔ حال ہی میں ڈبل سنچری بھی بنا چکے ہیں اس لیے وہ ہمارے لیے بہت اہم کھلاڑی ہیں اور کوارٹر فائنل سے قبل ان کا فٹ ہونا ہمارے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ "مجھے پورا یقین ہے کہ اگر گیل صد فی صد فٹ نہ بھی ہوں تب بھی وہ میچ کھیلنے کے لیے تیار رہیں گے۔ یہ بہت اہم مقابلہ ہے اور اتنے بڑے مقابلے میں گیل جیسے بڑے کھلاڑی کو لازمی کھیلنا چاہیے۔"

نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز 21 مارچ بروز ہفتہ ویسٹ پیک اسٹیڈیم، ویلنگٹن میں مدمقابل آئیں گے جو کوارٹر فائنل مرحلے کا آخری مقابلہ ہوگا۔