سری لنکا نے اوپل تھارنگا کو طلب کرلیا

0 1,030

سری لنکا نے جیون مینڈس کے زخمی ہونے کے بعد اوپل تھارنگا کو طلب کرلیا ہے۔ اس فیصلے کی توثیق عالمی کپ 2015ء کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی تکنیکی کمیٹی نے بھی کردی ہے۔

جیون مینڈس منگل کو تربیتی سیشن کے دوران زخمی ہوگئے تھے، جس کے بعد معائنے میں اُن کے جلد صحت یاب ہونے کے امکان کم پائے گئے۔ لہٰذا سری لنکا نے اوپل تھارنگا کو بلانے کا فیصلہ کیا۔ آئی سی سی کے قوانین کے مطابق بیماری یا چوٹ لگنے کی صورت میں کھلاڑی کی تبدیلی کے لیے تکنیکی کمیٹی کو تحریری اطلاع دینا پڑتی ہے اور زخمی کھلاڑی کے طبی معائنے کی رپورٹ بھی پیش کرنی ہوتی ہے۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ایک بار تبدیل ہو چکے کھلاڑی کو دوبارہ ٹورنامنٹ میں واپس نہیں بلایا جا سکتا۔ جیون مینڈس کی جگہ ٹیم میں شامل کیے گئے اوپل تھارنگا سری لنکا کے لیے 176 ایک روزہ مقابلے کھیل چکے ہیں، جس میں اُن کے کھاتے میں 5339 رنز موجود ہیں۔ تھارنگا 13 سنچریاں اور 28 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں اور ان کی آمد سے سری لنکا کی بلے بازی کو مزید سہارا ملے گا۔

سری لنکا عالمی کپ میں دو مقابلے کھیل چکا ہے، جہاں اسے ایک میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی جبکہ دوسرے میں افغانستان کو ہرانے میں کامیاب رہا۔ اب سری لنکا جمعرات کو بنگلہ دیش کے خلاف ملبورن میں اپنا تیسرا اور اہم مقابلہ کھیلے گا۔